مجھے ’شکست‘ نہیں ہوئی، کلیچکو
30 اپریل 2017یوکرائن کے باکسر ولادیمیر کلیچکو اور برطانوی باکسر انٹونی جوشوا کے مابین لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں انتیس اپریل بروز ہفتہ ایک سخت مقابلہ ہوا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا ہے کہ اس مقابلے کو دیکھنے کی خاطر نوے ہزار شائقین وہاں موجود تھے۔ کئی اسپورٹس چینلز پر براہ راست نشر ہونے والے اس مقابلے کے گیارہویں راؤنڈ میں جوشوا نے کلیچکو کو ناک آؤٹ کر دیا۔
باکسنگ: بالآخر کلیچکو کو مات ہو گئی، ٹائسن فیوری فاتح
کلچکو باکسر برادران پر فلم نیویارک فلم فیسٹیول میں
اس فائٹ میں ستائیس سالہ جوان خون جوشوا نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اکتالیس سالہ کلیچکو پر تابڑ توڑ حملے جاری رکھے۔ دوسری طرف کلیچکو کا دفاع بھی کمزور نہیں رہا، انہیں جب بھی موقع ملا انہوں نے اپنے حریف پر مکوں کی بارش کی۔ اس لڑائی میں کلیچکو کے چہرے پر زخم بھی آئے لیکن وہ گیارہویں راؤنڈ تک جوشوا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے۔
باکسنگ رنگ کا ماحول تو گرم تھا ہی لیکن اسٹیڈیم میں موجود شائقین کی بڑی تعداد نے بھی اپنے اپنے باکسرز کی بھرپور طریقے سے حوصلہ افزائی کی۔ اس جوشیلی فائٹ کے دوران ویمبلے اسٹیڈیم ’کلیچکو‘ اور ’جوشوا‘ کے نعروں سے گونجتا رہا۔ چھٹے راؤنڈ میں جب کلیچکو نے اپنے ایک مکے سے جوشوا کو رنگ میں اوندھا گرا دیا تو ایسے اندازے لگائے جانے لگے کہ کلیچکو اس تاریخی فائٹ میں کامیابی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ جوشوا اپنے انیس مقابلوں کے بعد پہلی مرتبہ یوں رنگ میں بے بس ہو کر گرے۔
اگر کلیچکو یہ فائٹ جیت جاتے تو وہ جارج فورمین کے بعد باکسنگ کی تاریخ میں دوسرے ایسے باکسر بن جاتے، جنہوں نے چالیس برس یا اس زائد کی عمر میں ہیوی ویٹ ٹائٹل اپنا نام کیا ہوتا۔ ناقدین کے مطابق چالیس برس سے زائد کی عمر میں جو پھرتی کلیچکو نے دکھائی ہے، وہ غیر معمولی ہے۔ اس میچ میں پوائنٹس کے حوالے سے دونوں باکسر انتہائی قریب تھے۔
تاہم دسویں راؤنڈ کے کھیل تک جم کر مقابلے کرنے والے کلیچکو گیارہویں راؤنڈ میں انتہائی کمزور نظر آنے لگے۔ اسی راؤنڈ میں جوشوا نے ہیوی ویٹ چیمپئن کو ناک آؤٹ کر دیا، اور ڈبلیو بی اے ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ امر اہم ہے کہ جوشوا اپنے گزشتہ انیس مقابلوں میں اپنے حریف کو ناک آؤٹ کر کے ہی جیتے ہیں۔ اس میچ میں بھی جوشوا نے اپنا یہ اعزاز برقرار رکھا۔
اس مقابلے کے بعد کلیچکو نے کہا، ’’باکسنگ اور شائقین کے لیے یہ ایک شاندار مقابلہ تھا۔ آپ کو شائد میرے اس بیان پر حیرت ہو لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس مقابلے میں مجھے شکست نہیں ہوئی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’آج رات ہم سب جیت گئے ہیں۔ یہ شاندار تھا کہ ہم سب اس زبردست مقابلے کا حصہ بنے‘‘۔