1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باکسنگ: بالآخر کلیچکو کو مات ہو گئی، ٹائسن فیوری فاتح

عابد حسین29 نومبر 2015

انتہائی کمزور پیدا ہونے والے برطانوی باکسر ٹائسن فیوری نے جوان ہو کر یوکرائنی ورلڈ چیمپئن کو شکست دے دی۔ یوکرائنی ورلڈ چیمپئن کلیچکو ساڑھے نو برس سے عالمی چیمپیئن چلے آ رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/1HEI2
برطانوی باکسر ٹائسن فیوریتصویر: Reuters

ہفتہ اٹھائیس نومبر کی شب جرمن شہر ڈسلڈورف کے فٹ بال اسٹیڈیم میں پچپن ہزار شائقین نے باکسنگ کی ورلڈ چیمپئن شپ کا میچ دیکھا۔ اِس میچ میں ساڑھے نو برس سے ورلڈ چیمپئن شپ کا اعزاز رکھنے والے ولادیمیر کلیچکو کو برطانوی باکسر ٹائسن فیوری کے چیلنج کا سامنا تھا۔ میچ کے دوران یوکرائنی عالمی چیمپئن کلیچکو برطانوی باکسر فیوری کے تابڑ توڑ حملوں کا بھرپور جواب دینے سے قاصر رہے اور یوں وہ عالمی اعزاز سے محروم ہو گئے۔ کلیچکو اپنے اعزاز کے دفاع کی انتیسویں فائٹ کے لیے رنگ میں اترے تھے۔ وہ اپریل سن 2004 سے ناقابلِ شکست چلے آ رہے تھے۔ ورلڈ چیمپئن شپ کے میچ کے لیے مقرر کردہ تمام ججوں نے متفقہ طور پر اُن پر برطانوی باکسر کو غالب قرار دیا۔ نیا ورلڈ چیمپئن کلیچکو سے عمر میں بارہ سال چھوٹا ہے۔

اِس میچ کے دوران فیوری نے اپنے زوردار مکوں کے ساتھ کلیچکو کی دونوں آنکھوں کے قریب زخم لگائے تھے۔ میچ کے فوری بعد باکسنگ پروموٹرز نے اِن دونوں باکسروں کے درمیان ایک اور میچ کے اندازے لگانے شروع کر دیے ہیں۔ کلیچکو کے پروموٹرز بیرنڈ بُونٹے نے واضح کیا کہ فیوری کے ساتھ میچ کے کنٹریکٹ میں ایک اور میچ کی شق موجود ہے۔ دوسری جانب نئے ورلڈ چیمپئن نے واضح کیا کہ وہ ایک فائٹر ہے اور ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے اور آگے جو بھی ہو گا، دیکھا جائے گا۔

Tyson Fury gegen Wladimir Klitschko Boxen
ٹائسن فیوری میچ کے دوران کلیٹچکو کو پنچ مارتے ہوئےتصویر: Reuters/K. Pfaffenbach

ٹائسن فیوری جب پیدا ہوا تھا، تب اُس کا وزن محض ایک پاؤنڈ (نصف کلوگرام سے بھی کم) تھا اور ڈاکٹر اُس کی صحت اور زندگی کے بارے پریشان تھے لیکن اُس کے باپ نے ڈاکٹروں کے سامنے کہا تھا کہ یہ انتہائی کمزور بچہ ایک دن باکسنگ کا ورلڈ چیمپئن بنے گا۔ اسی لیے باپ نے اپنے بیٹے کا نام مشہور امریکی باکسر مائیک ٹائسن کے نام پر رکھا تھا۔ پیدائش کے ستائیس برسوں بعد چھ فیٹ نو انچ کی دیوہیکل قامت رکھنے والے باکسر نے چھ فیٹ چھ انچ کی قامت والے عالمی چیمپئن کو ہرا کر اپنے باپ کی پیشین گوئی کو پورا کر دیا۔ ٹائسن فیوری کی نسل آئرلینڈ کے خانہ بدوشوں سے جا کر ملتی ہے۔

اپنی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے فیوری کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے وہ بڑا ہوتا چلا گیا، وہ اِس کامیابی کے حصول کی جدوجہد میں مصروف رہا۔ اُس نے مزید کہا کہ وہ فائٹر بننے کے خواب کے ساتھ کھاتا پیتا رہا ہے۔ اُس کے مطابق وہ شاید چھٹا یا ساتواں برطانوی چیمپئن ہے لیکن حقیقت میں وہ پہلا ورلڈ چیمپئن ہے، جسے صحیح معنوں میں چیمپئن قرار دیا جا سکتا ہے۔ کلیچکو شکست کے بعد باکسنگ کی تین بڑی تنظیموں کی ورلڈ چیمپئن شپ سے محروم ہو گئے ہیں۔ ٹائسن فیوری نے ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن، انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن، اور ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کے ورلڈ چیمپئن شپ کے اعزازات حاصل کر لیے ہیں۔