عراقی جہادیوں کے خلاف بین الاقوامی صف بندی، بغداد حکومت کا خیرمقدم
7 ستمبر 2014عراق نے امریکی صدر اوباما کی اُس تجویز کا بھرپور انداز میں خیر مقدم کیا ہے جس میں متحرک انتہا پسند جہادیوں کے خلاف بین الاقوامی فوجی اتحاد قائم کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا تھا۔ خیر مقدمی بیان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ ہشیار زیباری کی جانب سے سامنے آیا ہے۔ عراقی حکومت نے فعال جہادیوں کے خلاف بین الاقوامی امداد کی اپیلیں بھی متعدد بار کی تھیں لیکن مغربی اقوام عملی شرکت سے گریز کر رہی تھیں اور اب بین الاقوامی ملٹری اتحاد کی تجویز کو بغداد حکومت نے اِن جہادیوں کے خلاف عراق کے لیے توانا حمایت قرار دیا ہے۔ نیٹو سمٹ میں اوباما نے اسلامک اسٹیٹ اور دوسرے جہادیوں کو شکست دینے کے پلان کے خدوخال کو بیان کیا تھا۔
اسلامک اسٹیٹ کے جنگجُو عراق اور شام کے سرحدی علاقوں میں قابض ہونے کے بعد دندناتے پھر رہے ہیں۔ اِس جہادی تنظیم کی بڑھتی سرگرمیوں نے عالمی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے۔ اب اِس میں اور دوسری جہادی تنظیموں میں شریک مغربی ممالک کے انتہا پسند مسلمانوں نے اپنے اپنے ملکوں کا رُخ کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس صورت حال کو امریکا اور دوسرے مغربی ملکوں نے انتہائی سکیورٹی رسک قرار دیا ہے۔ اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسند، مقبوضہ علاقوں میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کے علاوہ اغوا اور غیرمسلموں پر حملوں سے گریز نہیں کر رہے۔ پچھلے ایک دو ہفتوں کے دوران اسلام اسٹیٹ نے دو امریکی صحافیوں کی گردنیں کاٹ کر ویڈیوز بھی جاری کی تھی۔
امریکا کے علاوہ اب کینیڈا نے بھی اپنے فوجی مبصر بغداد روانہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکا کی جانب سے محدود فضائی کارروائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جمعے اور ہفتے کے روز بھی دو مرتبہ فضائی حملے کیے گئے۔ اِس طرح آٹھ اگست سے چھ ستمبر تک امریکی فضائیہ کے جنگی جہاز 133 حملے کر چکے ہیں۔ اسی طرح کئی دوسری مغربی ملکوں نے سنی انتہا پسندوں کے خلاف لڑنے والی کُرد فوج پیش مرگا کو بھی جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جرمنی کی جانب سے 70 ملین یورو کے ہتھیار کرد فائٹرز کو دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اُس کی پہلی کھیپ خود مختار کردستان پہنچ گئی ہے۔
امریکی صدر کے مطابق علاقائی سطح پر اسلامک اسٹیٹ کے خلاف کارروائی کرنا اب عالمی طاقتوں کی مجبوری بن چکی ہے۔ اوباما کے مطابق اسلامک اسٹیٹ کو زیر کرنے اور مکمل شکست کے لیے کارروائی شروع کی جائے گی۔ دوسری جانب امریکا کے یورپی اتحادی تاحال اِس صورت حال میں محتاط رویے کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اُن کی طرف سے واضح طور پر امریکی حکمت عملی میں عملی شرکت کا جواب ابھی آنا باقی ہے۔ دریں اثنا عراق میں اسلامک اسٹیٹ کے جنگجُوؤں کو امرلی کے بعد سلیمان بیگ اور یناکجا کے قصبات میں بھی شکست ہو چکی ہے۔