1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی باشندوں کو امدادی سامان پہنچایا جائے، اقوام متحدہ

عاطف بلوچ16 ستمبر 2016

اقوام متحدہ نے شامی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ بھوک کے شکار انسانوں تک امدادی سامان پہنچانے کی اجازت دے۔ ادھر روس نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ شام میں سیز فائر ڈیل کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔

https://p.dw.com/p/1K3Nm
Libanon französische Hilfspakete für syrische Flüchtlinge
تصویر: Getty Images/AFP/M. Zayyat

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اقوام متحدہ کے حوالے سے سولہ ستمبر بروز جمعہ بتایا ہے کہ خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں لوگوں کو فوری مدد کی ضرورت ہے اور دمشق حکومت کو چاہیے کہ وہ امدادی اداروں کو اجازت دے کہ متاثرہ لوگوں کی مدد کی جا سکے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب امریکا اور روس شام میں جنگ بندی ڈیل میں اڑتالیس گھنٹے کی توسیع پر رضا مند ہوگئے ہیں۔

امریکا اور روس کی ثالثی میں طے پانے والی اس جنگ بندی کے تحت شامی فورسز نے باغیوں کے خلاف کارروائی روک دی ہے تاکہ خانہ جنگی میں محصور لوگوں تک خوراک اور دیگر امدادی سامان پہنچایا جا سکے۔ اقوام متحدہ کے مطابق مشرقی حلب میں ڈھائی لاکھ انسان پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں فوری امداد کی ضرورت ہے۔

اس جنگ بندی ڈیل کے تحت البتہ داعش، النصرہ اور دیگر جہادی گروہوں کے خلاف عسکری کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ اقوام متحدہ میں روسی سفیر وٹالی چُرکِن نے کہا ہے کہ امریکا اس ڈیل کے تحت اپنی ذمہ داریاں مکمل طریقے سے نہیں نبھا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی لیے ماسکو حکومت چاہتی ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس ڈیل کی توثیق کرے۔

روس کے مطابق اس ڈیل کے تحت شامی فورسز مرحلہ وار مرکزی محاذوں سے پیچھے ہٹ رہی ہیں لیکن باغی فورسز ایسا نہیں کر رہی ہیں۔ تاہم اقوام متحدہ کے مطابق شام میں اکا دکا پرتشدد کارروائیوں کے علاوہ مجموعی طور پر فائر بندی پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔

Syrien Hilfslieferungen in Ghuta
مشرقی حلب میں ڈھائی لاکھ انسان پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں فوری امداد کی ضرورت ہےتصویر: Getty Images/AFP/A. Doumany

دوسری طرف اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ امدادی سامان سے بھرے ٹرک ترکی اور شام کی سرحدوں کے مابین بفر زون موجود ہیں لیکن ابھی تک اس سامان کو حلب میں ضرورت مند لوگوں تک نہیں پہنچایا جا سکا ہے۔

اقوام متحدہ سے وابستہ اعلیٰ اہلکار ڈیوڈ سوانسن کے مطابق وقت تیزی سے گزرتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسّی ہزار انسانوں کے لیے خوراک لیے چالیس ٹرک حلب سے ستّر کلو میٹر دور موجود ہیں لیکن وہ ابھی تک یہ سامان متاثرین کو نہیں پہنچا سکے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید