1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق عالمی چیمپئن باکسر روکی جیانی ٹریفک حادثے میں ہلاک

2 اکتوبر 2018

جرمنی سے تعلق رکھنے والے باکسنگ کے سابق عالمی چیمپئن گراسیانو روکی جیانی اٹلی میں ٹریفک کے ایک حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ حادثہ منگل دو اکتوبر کو پیش آیا۔ روکی جیانی کی عمر صرف چوّن برس تھی۔

https://p.dw.com/p/35soA
تصویر: Getty Images/P. Stollarz

وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق جرمنی کے کئی میڈیا ہاؤسز نے تصدیق کر دی ہے کہ گراسیانو روکی جیانی ایک حادثے میں انتقال کر گئے ہیں۔ جرمنی کے کثیر الاشاعت روزنامہ ’بِلڈ‘ کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ اٹلی میں یہ حادثہ آج منگل کو کہاں اور کیسے پیش آیا۔

چند دیگر میڈیا رپورٹوں کے مطابق روکی جیانی ایک فٹ پاتھ پر پیدل جا رہے تھے کہ قریب سے گزرنے والی ایک تیز رفتار کار کی وجہ سے پیش آنے والے حادثے کی زد میں آ کر انتقال کر گئے۔

Maske vs. Rocchigiani
جرمنی کے روکی جیانی، دائیں، اور جرمنی ہی کے ہینری ماسکے کے مابین آئی بی ایف کے لائٹ ہیوی ویٹ کیٹیگری میں ہونے والے عالمی چیمپئن شپ مقابلے کی ایک تصویرتصویر: AP

گراسیانو روکی جیانی ایک اطالوی نژاد جرمن شہری تھے۔ وہ ترک وطن کے بعد جرمنی میں آباد ہو جانے والے ایک اطالوی صنعتی کارکن کے بیٹے تھے، جو ایک پیشہ ور باکسر کے طور پر 1988ء میں پہلی بار سپر مڈل ویٹ میں عالمی چیمپئن بنے تھے۔ پھر دس سال بعد 1998ء میں انہوں نے لائٹ ہیوی ویٹ میں عالمی باکسنگ کونسل کا ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل بھی جیت لیا تھا۔

مجموعی طور پر روکی جیانی نے اپنے پیشہ روانہ کیریئر میں باکسنگ کے 48 مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ ان میں سے انہیں 41 مقابلوں میں کامیابی حاصل ہوئی تھی اور 19 مرتبہ انہوں نے یہ فتح اپنے حریف کو ناک آؤٹ کر کے حاصل کی تھی۔

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ جرمن اخبار ’بِلڈ‘ کے مطابق برلن پولیس کی طرف سے باقاعدہ طور پر روکی جیانی کے اہل خانہ کو یہ اطلاع دے دی گئی ہے کہ یہ سابق عالمی چیمپئن کھلاڑی اٹلی میں ٹریفک کے ایک حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ برلن پولیس نے فوری طور پر اس بارے میں اپنی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

م م / ا ا / اے ایف پی

شہناز کمال، باکسنگ کی پہلی باقاعدہ انٹرنیشنل کوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں