1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خون رستا رہا لیکن ہمت نہیں ہاری اور مقابلہ جیت لیا

15 ستمبر 2019

برطانیہ کے مشہور باکسر ٹائیسن فیوری نے باکسنگ کا ایک بین الاقوامی میچ جیت لیا ہے۔ امریکی شہر لاس ویگاس میں فیوری کے مدمقابل ایک سویڈش باکسر تھے۔

https://p.dw.com/p/3Pd7L
USA Boxen Tyson Fury - Tom Schwarz
تصویر: Reuters/M. Segar

بین الاقوامی شہرت يافتہ برطانوی باکسر ٹائیسن فیوری کو ہفتہ چودہ ستمبر کی رات ایک انٹرنیشنل میچ میں سویڈن کے باکسر اوٹو والن کا سامنا تھا۔ برطانیہ کے باکسر نے اپنی ہمت سے یہ میچ ججوں کے متفقہ فیصلے کے بعد جیت لیا۔ اس طرح فیوری نے کسی بھی میچ میں شکست نہ کھانے کا اپنا سلسلہ برقرار رکھا۔

ٹائیسن فیوری کو میچ شروع ہونے کے بعد دائیں آنکھ کے اوپر اوٹو والن کے ایک زور دار پنچ سے زخم آ گیا۔ اس زخم سے سارے مقابلے کے دوران خون رستا رہا لیکن یہ زخم فیوری کی ہمت کم کرنے میں ناکام رہا۔ والن کے پنچ سے فیوری کی آنکھ پر زخم تیسرے راؤنڈ میں لگا اور وہ اس کے بعد نو راؤنڈ تک مقابلہ جاری رکھنے میں نہ صرف کامیاب رہے بلکہ میچ بھی جیت لیا۔

 زخم لگنے کے بعد ایسا تاثر پیدا ہوا تھا کہ ٹائیسن فیوری میچ سے دستبردار ہو جائیں گے لیکن انہوں نے مقابلہ جاری رکھا۔ تینوں ججوں کے مطابق فیوری کو سبقت ضرور حاصل رہی لیکن اوٹو والن بھی بہت پیچھے نہیں تھے۔ وہ بھی اپنے حملوں سے تواتر کے ساتھ پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

Box-WM Schwergewicht Tyson Fury gegen Deontay Wilder
ٹائیسن فیوری اور ڈیونٹے ویلڈر کے درمیان برابر رہنے والے مقابلے میں ویلڈر پنچ لگاتے ہوئےتصویر: Action Images via Reuters/A. Couldridge

ایسا بھی خیال کیا گیا کہ فیوری اپنے سویڈش حریف کو اس میچ میں آسانی سے ناک آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن ایسا نہ ہوا۔ سویڈش باکسر نے فیوری کو مسلسل اپنے شاندار فٹ ورک اور حملوں سے الجھائے رکھا۔ اس میچ کے طول کھینچنے کی ایک وجہ فیوری کو زخم لگنا بھی خیال کیا گیا۔

فیوری نے مقابلہ ختم ہونے کے بعد اسے ایک زوردار میچ قرار دیا۔ فیوری کے مطابق آنکھ پر زخم لگنے کے بعد مقابلے کی صورت حال تبدیل ہو کر رہ گئی۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ اگر فیوری کو زخم نہ لگتا تو وہ یقینی طور پر والن کو ناک آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو جاتے لیکن زخم کے بعد انہیں یہ فکر بھی لاحق ہو گئی تھی کہ اس زخم کو مزید کسی پنچ سے بچا کر رکھنا تھا۔

اوٹو والن کو بیس باکسنگ مقابلوں میں پہلی مرتبہ شکست ہوئی۔ اس میچ میں بھی وہ فیوری کے قریب رہے اور ریفریوں نے انہیں بھی خاصے پوائنٹس دیے لیکن وہ فیوری کے مقابلے میں کم رہے۔

Boxsport Andy Ruiz - Anthony Joshua
اینڈی روئز (دائیں) انتھونی جوشوا کے خلاف قمابلے کے دوران۔ یہ میچ روئز نے جیت لیا تھاتصویر: picture-alliance/Zumapress/J. Plummer

فیوری نے اب تک انتیس میچ کھیلے ہیں اور ان میں کوئی ہار شامل نہیں البتہ ایک میچ وہ امریکی باکسر ڈیونٹے ویلڈر کے ساتھ برابر رکھنے میں کامیاب رہے تھے۔ اب اگلے برس امریکی باکسر کے ساتھ فیوری کا دوبارہ مقابلہ ہو گا۔

امریکی باکسر ڈیونٹے ویلڈر اس وقت ورلڈ باکسنگ کونسل کے چیمپئن باکسر ہیں جب کہ بقیہ تین بین الاقوامی باکسنگ فیڈریشن کے چیمپئن اینڈی رُوئز جونیئر ہیں۔ روئز نے یہ تمام اعزازات رواں برس جون میں انتھونی جوشوا کو حیران کن شکست دے کر جیتے تھے۔ اب ان دونوں کے درمیان بین الاقوامی مقابلہ سات دسمبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی نواحی بستی درعیہ میں منعقد ہو رہا ہے۔

ع ح، ع س ⁄ روئٹرز، ڈی پی اے

ایرانی باکسر خواتین کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ