1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حمص کے محصور علاقوں سے شہریوں کا انخلاء شروع

ندیم گِل8 فروری 2014

شام کے شہر حمص میں باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں میں پھنسے شہریوں کا انخلاء شروع ہو گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں تقریباﹰ بارہ افراد کو نکالا گیا۔ یہ سلسلہ ہفتے کو جاری رہے گا۔

https://p.dw.com/p/1B5MH
تصویر: Reuters

شام کی حکومت اور باغیوں کے درمیان اقوام متحدہ کی نگرانی میں ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت حمص میں امدادی سرگرمیوں کے لیے فائر بندی کا نفاذ ہو گیا ہے۔

خبررساں ادارے اے ایف پی نے اپنے ایک نمائندے کے حوالے سے بتایا ہے کہ حمص میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں سے ایک بس تقریباﹰ بارہ شہریوں کو لے کر واپس پہنچ گئی ہے۔ ہفتے کو تقریباﹰ دو سو شہریوں کو وہاں سے نکالا جائے گا۔

شام کے سرکاری ٹیلی وژن پر دکھائے گئے مناظر میں باغیوں کے زیر قضبہ علاقوں سے باہر ایک بس کو دکھایا گیا ہے۔ شام کے تیسرے بڑے اس شہر کے ان علاقوں میں اطلاعات کے مطابق تین ہزار شہری گزشتہ کئی مہینوں سے پھنسے ہوئے ہیں۔

فریقین کے درمیان اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کے تحت باغیوں کے علاقوں میں امدادی سامان بھی پہنچایا جائے گا۔ حمص کے گورنر طلال برازی نے جمعے کو بتایا کہ دواؤں اور خوراک کی پہلی کھیپ محصور شہریوں تک ہفتے کو ہی پہنچ پائے گی۔

امدادی سامان ایک عرصے سے باغیوں کے زیر قبضہ شہر کے پرانے علاقے سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر حکومتی کنٹرول کے علاقے میں موجود اقوام متحدہ کے ایک ویئر ہاؤس میں موجود ہے۔ ان علاقوں تک امدادی ٹیموں کو رسائی دینے کے لیے ہونے والی بات چیت طول پکڑتی رہی ہے۔

Syrien Homs Bevölkerung 02.02.2014
خواتین اور بچوں سمیت درجنوں شہری حمص میں پھنسے ہوئے ہیںتصویر: Reuters

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق محصورین کی تعداد کم از کم بارہ سو ہے جن میں بچے، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں۔ یہ لوگ انتہائی کم خوراک پر گزارہ کرتے رہے ہیں۔

برازی نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ صوبائی حکومت، اقوام متحدہ اور ہلالِ احمر کی ایک مشترکہ ٹیم پہلے ہی انخلاء کے عمل کی نگرانی کے لیے شہر کے پرانے علاقے میں موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض لاجسٹک مسائل کی وجہ سے یہ عمل تاخیر کا شکار ہوا ہے۔

قبل ازیں سرکاری ٹیلی وژن پر بتایا گیا تھا کہ امدادی کارروائیاں شروع ہو گئی ہیں۔ اے ایف پی کے ایک نمائندے نے بتایا تھا کہ اس نے دو بسوں، ایک ایمبولینس اور ہلالِ احمر کی دو گاڑیوں کو محصور علاقوں کی جانب جاتے دیکھا ہے۔

برازی کا کہنا تھا کہ ہفتے کو تقریباﹰ بارہ سو افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا: ’’کل (ہفتے کو) خوراک اور امدادی سامان کی پہلی کھیپ اولڈ سٹی میں موجود ضرورت مندوں تک پہنچ جائے گی۔‘‘