حافظ سعید کو سزا، پاکستان دکھاوے کا سلسلہ ترک کرے، بھارت
13 فروری 2020بھارت نے پاکستان سے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف دکھاوے کی کارروائی کے بجائے اپنی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروپوں اور تمام دہشت گرد وں کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنائے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ایک ذرائع کا کہنا تھا، ”ہم نے میڈیا میں ایسی رپورٹیں دیکھی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی ایک عدالت نے اقوام متحدہ کی طرف سے نامزد اور بین الاقوامی طور پر دہشت گرد قرار دیے گئے حافظ سعید کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے معاملے میں سزا سنائی ہے۔ پاکستان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردی کی حمایت کا سلسلہ بند کرے۔"
بھارت نے حافظ سعید کے خلاف پاکستانی عدالت کے فیصلے کے وقت پر سوال اٹھایا اور شبہات کا اظہار کیا ہے، ”پاکستان نے آخر یہ فیصلہ ایف اے ٹی ایف کی مجوزہ میٹنگ سے صرف چند روز قبل کیوں کیا ہے؟ اس لیے اس فیصلے پر شبہ ہونا لازمی ہے۔"
خیال رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے حافظ سعید کو بدھ بارہ فروری کو منی لانڈرنگ اور غیر قانونی تنظیم چلانے کے دو مختلف الزامات میں دو مرتبہ ساڑھے پانچ سال کی قید اور تیس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔یہ امراہم ہے کہ سزا ایسے وقت پر سنائی گئی جب سولہ فروری کو پیرس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)کا ایک اہم اجلاس ہونے والا ہے۔ اس اجلاس میں پاکستان کے آئندہ 'گرے لسٹ‘ میں رکھے یا نہ رکھے جانے کا فیصلہ متوقع ہے۔
ایف اے ٹی ایف کا پاکستان پر دباؤ رہا ہے کہ وہ حافظ سعید جیسی شخصیات کے خلاف کارروائی کرے۔ پاکستان نے ماضی میں بھی کئی بار عالمی دباؤ کے تناظر میں حافظ سعید کو گرفتار تو کیا تھا لیکن بعد میں ہر بار اعلیٰ عدالتوںں نے انہیں عدم ثبوت کی بنا پر رہا کر دیا۔ بھارت کو شبہ ہے کہ اس مرتبہ بھی ایسا ہی کچھ ہوگا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا تھا، ”پاکستان ایف اے ٹی ایف کے گرے لسٹ سے باہر نکلنا تو ضرور چاہتا ہے لیکن یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ ممبئی دہشت گردانہ معاملے میں حافظ سعید کے خلاف ابھی تک کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ممبئی حملہ کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی مخلصانہ کوشش کی جائے۔"
بھارت حافظ سعید کو ممبئی دہشت گردانہ حملے کا ماسٹر مائنڈ قراردیتا ہے۔ سن 2008 میں ہوئے اس حملے میں 166 افرا د ہلاک اور سینکڑوں دیگر زخمی ہوئے تھے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق مختلف ممالک سے تھا۔
حافظ سعید کے خلاف پاکستانی عدالت کے فیصلے کے حوالے سے بھارتی دفاعی تجزیہ کارریٹائرڈ میجر جنرل پی کے سہگل نے ایک نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی باتوں پر یقین نہیں کیا جاسکتا اور وہاں کی حکومت جھوٹ پھیلا رہی ہے۔