جرمن چانسلر چودہ مارچ کو امریکا کا دورہ کريں گی
3 مارچ 2017انگیلا میرکل کے امریکا کے دورے سے متعلق خبر ايک امريکی اہلکار نے آج بہ روز جمعہ جاری کی ہے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات ميں عالمی اقتصاديات، باہمی تجارت، اسلامک اسٹيٹ کے خلاف لڑائی، مغربی دفاعی اتحاد نيٹو اور روس کے ساتھ تعلقات جيسے امور زير بحث آئيں گے۔ اس ملاقات کے فوری بعد ترقی يافتہ جی ٹوئنٹی ممالک کے وزرائے خزانہ کا ايک اجلاس جرمنی ميں منعقد ہو گا، جس ميں ٹرمپ کے جولائی ميں جرمنی کے دورے کی تفصيلات بھی طے ہوں گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جرمن چانسلر میرکل کے درمیان اب تک کے تعلقات کچھ زيادہ خوشگوار نہیں رہے۔ تجارت کے حوالے سے اختلافات، ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے سات ممالک کے مسلمان شہریوں کے امریکا سفر کرنے پر پابندی کے حوالے سے بحث و مباحثہ اور میڈیا کے بارے میں امریکی صدر کی رائے نے اِن تعلقات کو مزید خراب کیا ہے۔
تاہم نئے امریکی صدر اور میرکل نے رواں برس جنوری میں ایک ٹیلیفون کال کے بعد نیٹو دفاعی اتحاد کی اہمیت اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مِل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تھا۔
لیکن کچھ ہی دن بعد میرکل نے سات مسلم اکثریت والے ممالک کے شہریوں کی امریکا آمد پر عارضی پابندی کے فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ میرکل نے ٹرمپ کی جانب سے میڈیا سے متعلق منفی تبصرے کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوالات پر ایک آزاد میڈیا کی اہمیت کو بارہا اجاگر کیا۔ یاد رہے کہ ٹرمپ کے پیش رو سابق امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ میرکل کے تعلقات بہت خوش گوار تھے۔