جب برلن پولیس نے نوجوان مہاجر لڑکی کی تعریف کی
20 ستمبر 2017جرمن دار الحکومت برلن کی انڈر گراؤنڈ ٹرین میں سفر کرتے ہوئے عراق سے تعلق رکھنے والی ایک سولہ برس کی مہاجر لڑکی کو ایک لاوارث پرس دکھائی دیا۔ اس لڑکی نے پرس اٹھا لیا لیکن اس کا کوئی وارث نہیں تھا۔ لڑکی نے پرس کھول کر دیکھا تو اس میں چودہ ہزار یورو نقدی موجود تھی۔ برلن کے ایک مہاجر کیمپ میں رہنے والی یہ نوجوان لڑکی پرس اپنے ساتھ گھر لے گئی۔
جرمنی میں مقیم مہاجر خواتین کو درپیش مشکلات
’یورپ کی جانب قانونی ہجرت کا راستہ کھولنا چاہیے‘
اس سے اگلے دن مہاجر لڑکی اور اس کی والدہ برلن کے ایک پولیس اسٹیشن پر چلی گئیں اور وہ بیگ پولیس کے حوالے کر دیا۔ برلن پولیس کی خاتون ترجمان نے منگل کے روز بتایا کہ اس پرس میں تمام نقدی بھی موجود تھی جسے مہاجر لڑکی اور اس کی والدہ نے ایمانداری کے ساتھ پولیس کے حوالے کر دیا۔
یہ پرس ایک اٹھہتر سالہ جرمن خاتون کی ملکیت تھا جو جمعے کے روز انڈر گراؤنڈ ٹرین کے ذریعے سفر کر رہی تھی۔ ٹرین سے اترتے وقت وہ اپنا بیگ سیٹ پر ہی بھول گئی تھی۔ بعد ازاں جب اسے بیگ گم ہو جانے کا احساس ہوا تو اس نے ٹرین کے حکام سے رابطہ کیا۔ تاہم حکام اس کا بیگ تلاش کرنے میں ناکام رہے تھے۔
مہاجر خاتون کی جانب سے پرس حوالے کیے جانے کے بعد بیگ کے اصل وارث کی تلاش کا مرحلہ مشکل ثابت نہ ہوا اور ساری رقم سمیت یہ گمشدہ بیگ واپس بزرگ خاتون کے پاس پہنچ گیا۔
برلن کی پولیس نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ اسکول کی ایک لڑکی کو گمشدہ پرس ملا تھا جس میں چودہ ہزار یورو تھے۔ وہ بیگ اب اس کی اصل مالک تک پہنچا دیا گیا ہے جو پرس اور رقم مل جانے پر خوش ہیں۔
پولیس نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ اس مہاجر لڑکی کو انعامی رقم دی جائے گی یا نہیں۔ جرمن قوانین کے مطابق پانچ سو یورو سے زائد مالیت کی گمشدہ رقم واپس لوٹانے کی صورت میں اس رقم کا تین فیصد انعام کے طور پر لوٹانے والے کو دیا جاتا ہے۔
پبلک ٹرانسپورٹ میں رقم ملنے کی صورت میں کل رقم کا ڈیڑھ فیصد انعام کے طور پر دیا جاتا ہے۔ یوں اگر اس عراقی لڑکی کو انعامی رقم دی بھی گئی تو یہ تقریباﹰ 215 یورو بنیں گے۔