1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیجنگ میں تباہ کن سیلاب، درجنوں افراد ہلاک

9 اگست 2023

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پچھلے کئی ہفتوں سے جاری بارش کے نتیجے میں سیلاب اور عمارتوں کے منہدم ہو جانے سے درجنوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہزاروں مکانات بھی تباہ ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4Uw9e
China | Überschwemmung
تصویر: Andy Wong/AP Photo/picture alliance

چین کے دارالحکومت میں حالیہ شدید سیلاب نے پورے شہر میں تباہی مچادی ہے۔ حکام نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 33 ہوچکی ہے جب کہ مزید 18 افراد لاپتہ ہیں۔

بیجنگ میں حالیہ ہفتوں کے دوران ریکارڈ بارش ہوئی ہے جس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے بنیادی ڈھانچوں اور ہزاروں مکانات کو تباہ کر دیا ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق شہر کے نائب میئروں میں سے ایک ژیا لنماو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا، "میں ڈیوٹی کے دوران ہلاک ہونے والوں اور بدقسمت متاثرین کے لیے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔"

کلائمیٹ چینج کے باعث تباہ کاریاں ’ابھی صرف آغاز ہے‘

ہلاک ہونے والوں میں بچاو اور راحت کے کاموں میں شریک عملے کے پانچ افراد شامل ہیں۔

شہر کے پورے علاقے میں سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ان میں ایک سو سے زائد پل بھی شامل ہیں
شہر کے پورے علاقے میں سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ان میں ایک سو سے زائد پل بھی شامل ہیںتصویر: Ju Huanzong/Xinhua/AP Photo/picture alliance

زراعت اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصانات

بیجنگ شہر کے حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے تقریباً 59 ہزار مکانات منہدم ہوچکے ہیں جب کہ دیگر ایک لاکھ پچاس ہزار کو نقصان پہنچا ہے۔  سب سے زیادہ نقصان بیجنگ کے پہاڑی مغربی مضافات میں ہوا ہے۔

سیلاب کی وجہ سے پندرہ ہزار ہیکٹیئر اراضی پر تیار فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔

چین: سیلاب میں 154 ہلاکتیں اور 124 افراد لاپتہ

شہر کے پورے علاقے میں سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ان میں ایک سو سے زائد پل بھی شامل ہیں۔

ژیا نے کہا کہ ان کی تعمیر نو اور مرمت میں تین سال لگ سکتے ہیں۔

سمندری طوفان ڈوکسوری کے سبب موسلا دھار بارشوں اور سیلاب نے پورے شمالی چین کے علاقوں کو بھی متاثر کیا ہے
سمندری طوفان ڈوکسوری کے سبب موسلا دھار بارشوں اور سیلاب نے پورے شمالی چین کے علاقوں کو بھی متاثر کیا ہےتصویر: Yang Shiyao/ Xinhua News Agency/picture alliance

پورے چین میں انتہائی شدید موسم

اواخر ہفتہ کو آنے والے سمندری طوفان ڈوکسوری کے سبب موسلا دھار بارشوں اور سیلاب نے پورے شمالی چین کے علاقوں کو بھی متاثر کیا ہے۔

بیجنگ کے پڑوسی ہیبی صوبے کے حکام نے بتایا کہ 15افراد ہلاک ہوگئے اور 22 لاپتہ ہیں۔

شمال مشرقی جیلن میں اتوار کے روز ہلاکتوں کی تعداد 14 تھی اور ایک شخص کے لاپتہ ہونے کی اطلاع تھی۔

بیجنگ کے جنوب مغرب میں ژوژو شہرمیں تقریباً ایک لاکھ پچیس ہزار رہائشی ہفتے کے روز اپنے گھروں کو لوٹ آئے، جنہیں سیلاب کی وجہ سے اپنا گھر چھوڑنے کے لیے مجبور ہونا پڑا تھا۔

چین میں خوفناک طوفان، ہلاکتیں سو کے قریب

چین میں ایک ہی وقت میں ملک کے بعض حصوں میں ریکارڈ بارش ہوئی ہے جب کہ بیشتر علاقے شدید گرمی او رخشک سالی کی زد میں ہیں۔

حالیہ مہینوں او ربرسوں میں پوری دنیا میں تیزی سے شدید اور زیادہ بار بار شدید موسمی واقعات دیکھے گئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کاربن کے اخراج کی وجہ سے بڑھتی ہوئی عالمی درجہ حرارت اس کا اسباب میں سے ایک ہے۔

 ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی)