1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

امریکا: وفاقی سطح پر سزائے موت پر عارضی پابندی

2 جولائی 2021

امریکی اٹارنی جنرل نے سزائے موت پر عمل درآمد پر عارضی طور پر روک لگانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ یہ فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کی سابقہ پالیسیوں کے بالکل برعکس ہے۔

https://p.dw.com/p/3vv3O
USA - Department of Justice Logo
تصویر: picture-alliance/AP Images/P. Semansky

امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے یکم جولائی جمعرات کو وفاقی سطح پر سزائے موت پر عمل درآمد کرنے کے لیے وقت مقرر کرنے پر عارضی طور پر روک لگانے کا حکم دیا ہے۔

اس حکم سے متعلق اٹارنی جنرل کا کیا کہنا تھا؟

اٹارنی جنرل گارلینڈ نے محکمہ انصاف کو سزائے موت کے عمل کا از سرنو جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے سینیئر حکام سے اپنے ایک خط میں کہا ہے کہ وہ سیاہ فام لوگوں پر پڑنے والے اس کے مختلف النوع اثرات سے پریشان ہیں۔ گارلینڈ نے اس امر کی جانب بھی توجہ دلائی کہ جن افراد کو سزائے موت سنائی جاتی ہے اس میں سے ایک بڑی تعداد کو بری بھی کر دیا جاتا ہے۔

اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے ایک بیان میں کہا، ''محکمہ انصاف کو یہ یقینی بنانا ہو گا کہ وفاقی کریمنل جسٹس سسٹم کے تحت بھی ہر شخص کو وہ تمام حقوق ملنے چاہیں جس کی امریکی آئین اور قوانین میں ضمانت دی گئی ہے اور سبھی کے ساتھ منصفانہ اور انسانی سلوک بھی ہو نا چاہیے۔ سزائے موت کے کیسز میں یہ ذمہ داری خاص طور پر بڑھ جاتی ہے۔''

اس حکم کی روشنی میں جب تک جائزے کا یہ عمل مکمل نہیں ہو جاتا اس وقت وفاقی سطح پر کسی بھی موت کی سزا پر عمل نہیں کیا جائے گا۔

دنیا بھر میں سزائے موت پر عمل درآمد میں کمی

ٹرمپ انتظامیہ سے مختلف پالیسی

وفاقی سطح پر موت کی سزا پر عمل کو روکنے کا یہ فیصلہ سابقہ ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی کے بالکل برعکس ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں وفاقی سطح پر موت کی سزاؤں پر تیزی سے عمل ہوا اور سابق اٹارنی جنرل ولیئم بار کی سرپرستی میں جنوری 2020 سے جنوری 2021 کے دوران 13 افراد کو موت کی سزا دی گئی۔ گزشتہ 120 برس کی امریکی تاریخ میں کسی بھی دور صدارت میں اتنی بڑی تعداد میں سزائے موت کا یہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔

ولیئم بار نے وفاقی سزائے موت پر عمل درآمد کے لیے پینٹو بار بیٹل نامی ایک دوا کے استعمال کی سفارش کی تھی۔ تاہم اس کے ناقدین کا کہنا تھا کہ اس دوا کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور جسے دوا دی گئی ہو اسے لگتا ہے کہ جیسے وہ آہستہ آہستہ ڈوب رہا ہو اور اس سے اس کی تکلیف میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔

صدر جو بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم کے دوران موت کی سزا کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور موت کی سزا کے خلاف مہم چلانے والی تنظیمیں اب ان سے اپنا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

ان تمام کوششوں  کے باوجود بائیڈن انتظامیہ نے 2013 میں بوسٹن میں ہونے والی میراتھن میں دھماکہ کرنے والے والوں میں سے ایک شخص کی موت کی سزا پر عمل در آمد کرنے کے لیے محکمہ انصاف پر دباؤ تک ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

ص ز/ ج ا (ویزلی ڈیکوری)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں