1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سزائے موت میں کمی واقع ہوئی ہے، ایمنسٹی

21 اپریل 2021

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں گزشتہ برس سزائے موت دینے میں کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم بعض ممالک میں کورونا وبا کی باوجود اس میں اضافہ ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/3sJ2b
Symbolbild I Justiz I Todesstrafe
تصویر: Pat Sullivan/AP/picture alliance

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 21 اپریل بدھ کے روز اپنی رپورٹ جاری کی ہے، اس کے مطابق گزشتہ برس 2020 میں موت کی سزا دینے میں قابل ذکر کمی واقع ہوئی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق گوکہ عالمی سطح پر موت کی سزا دینے میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم کچھ ملکوں میں موت کی سزا دینے کی تعداد میں اضافہ بھی درج کیا گیا ہے۔ تنظیم کی سکریٹری اگنیس کالامارڈ کا کہنا تھا، ''بعض حکومتوں کے ذریعے سزائے موت پر مسلسل عمل کرنے کے باوجود، مجموعی طور پر سن 2020 کی تصویر مثبت تھی۔''

ان کا مزید کہنا تھا، ''سزائے موت کی معلوم شدہ تعداد میں مسلسل کمی آتی جا رہی ہے جو دنیا کو انتہائی ظالمانہ، غیر انسانی اور ہتک آمیز سزا کو تاریخ کی کتابوں میں بھیجنے کے قریب تر لا رہا ہے۔''

ایک عشرے میں موت کی سب سے کم سزائیں

ایمنسٹی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس دنیا بھر میں تقریباً 483 افراد کو موت کی سزا دی گئی تھی۔ ایمنسٹی کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ دس برسوں کے دوران ایک برس میں یہ سب سے کم تعداد ہے۔ لیکن اسی دوران مصر میں موت کی سزا دینے کی تعداد میں تین گنا اضافہ ہوا جبکہ بھارت، عمان، قطر اور تائیوان نے بھی موت کی سزاؤں پر دوبارہ عمل شروع کر دیا۔

دنیا بھر میں سزائے موت پر عمل درآمد میں کمی

 امریکا میں ٹرمپ کی انتظامیہ نے تقریباً 17 برس کے وقفے کے بعد پھر سے وفاقی سطح پر موت کی سزاؤں پر دوبارہ عمل شرو ع کر دیا اور اس کے تحت چھ ماہ کے دوران 10 افراد کو موت کی سزا دی گئی تھی۔

اس کے بر عکس سعودی عرب میں موت کی سزا دینے میں 85 فیصد کمی آئی۔ سن 2019 میں سعودی عرب نے 184 افراد کو موت کی سزا دی

 تھی جبکہ 2020 میں صرف 27 افراد کے سر قلم کیے گئے۔ عراق میں بھی 2019 میں سو افراد کو موت کی سزا دی گئی تھی جبکہ گزشتہ برس صرف 45 افراد کو پھانسی دی گئی۔

بحرین، بیلا روس، جاپان، پاکستان، سنگاپور اور سوڈان جیسے ممالک میں 2020 میں ایک بھی شخص کو موت کی سزا نہیں دی گئی جبکہ ان تمام ممالک نے 2019 میں موت کی سزائیں دی تھیں۔

میرا نازی باپ

چین میں سب سے زیادہ موت کی سزا دی جاتی ہے

چین، شمالی کوریا، شام اور ویتنام جیسے ممالک میں موت کی سزا کو خفیہ سرکاری معلومات کے درجے میں رکھا جا تا ہے اسی لیے ان ممالک میں ہونے والی موت کی سزاؤں کے اعداد و شمار کا کچھ اتہ پتہ نہیں رہتا ہے۔

ایمنسٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین ہر برس ہزاروں افراد کو موت کی سزا دیتا ہے اور اس طرح سب سے زیادہ موت کی سزاؤں پر عمل چین میں ہوتا ہے۔ اس فہرست میں ایران دوسرے نمبر پر ہے جس نے 246 سے بھی زیادہ افراد کو موت کی سزائیں دیں۔ مصر تیسرے نمبر پر ہے جس نے 107  افراد کو پھانسی دی۔

عراق میں 45 سے زیادہ جبکہ سعودی عرب نے 27 کو موت کی سزا دی۔ گزشتہ برس دنیا بھر میں جو موت کی سزائیں دی گئیں ہیں اس میں سے 88 فیصد ایران، مصر، عراق اور سعودی عرب میں ہوئی ہیں۔

ایمنسٹی کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیا بحرالکاہل خطے کے ممالک ایسے بین الاقوامی قوانین اور معیارات کی خلاف ورزیاں کرتے رہتے ہیں، جس کے تحت عمداً  قتل کے علاوہ دیگر جرائم کے لیے بھی سزائے موت کے استعمال کی مخالفت کی گئی ہے۔

دنیا کے تقریبا ً 108 ممالک نے موت کی سزا ختم کر دی ہے جبکہ دیگر 144 ممالک نے اس پر تقریبا ًعمل کرنا چھور دیا ہے۔ گزشتہ برس چاڈ نے بھی موت کی سزا ترک کر دی تھی جبکہ قزاکستان اور بارباڈوس نے اس کے خاتمے کے لیے اصلاحات پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

ص ز/ ج ا  (تنیکا گوڈبولے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں