1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کھوبرا گاڑے امریکا سے نکل چکی ہیں، بھارت

ندیم گِل10 جنوری 2014

بھارتی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا میں تعینات ان کی سفارت کار دیویانی کھوبرا گاڑے وطن واپسی کے لیے امریکا سے روانہ ہو گئی ہیں۔ امریکا نے انہیں ملک چھوڑنے کے لیے کہا تھا۔

https://p.dw.com/p/1AoMR
تصویر: picture-alliance/AP

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق نئی دہلی میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہا ہے کہ کھوبرا گاڑے نے وطن روانگی سے قبل ایک مرتبہ پھر خود کو بے قصور قرار دیا۔

امریکا نے کہا تھا کہ کھوبرا گاڑے ملک چھوڑ دیں۔ انہیں امریکا میں ایک مقدمے کا سامنا ہے جو واشنگٹن اور نئی دہلی حکومتوں کے مابین تنازعے کی وجہ بنا ہوا ہے۔

امریکی حکومت کے ایک اہلکار نے بتایا تھا کہ دیویانی کھوبرا گاڑے سے ملک چھوڑنے کی درخواست کی گئی ہے۔ کھوبرا گاڑے پر امریکی گرینڈ جیوری نے فردِ جرم عائد کر رکھی ہے۔ اس اہلکار نے مزید بتایا تھا کہ خاتون بھارتی سفارت کار تاحال امریکا میں ہی ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ امریکی درخواست ایک معاہدے کا نتیجہ دکھائی دیتی ہے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان جاری سفارتی کشیدگی کو کم کرنا ہے۔

قبل ازیں ان کے امریکا چھوڑنے سے متعلق متضاد خبریں سامنے آئی تھیں۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق کھوبرا گاڑے کے وکیل ڈینیئل آرشیک نے بھی کہا تھا کہ وہ ابھی تک امریکا میں ہی ہیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ اپنے نیویارک سٹی کے اپارٹمنٹ میں ہیں۔

اس کے برعکس ڈی پی اے نے نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا تھا کہ کھوبرا گاڑے امریکا چھوڑ چکی ہیں۔ ایک جیوری نے ان پر جمعرات کو ہی فردِ جرم عائد کی۔

Indien Neu-Delhi Protest US Botschaft
کھوبراگاڑے کی گرفتاری پر بھارت میں سخت ردِ عمل ظاہر کیا گیا تھاتصویر: Reuters

قبل ازیں امریکا نے بھارت کی جانب سے کھوبرا گاڑے کی اقوام متحدہ میں سفارت کار کی حیثیت سے تعیناتی کی درخواست منظور کر لی تھی۔ اس کے بعد واشنگٹن حکومت نے نئی دہلی سے کہا تھا کہ ان کی نئی حیثیت کی بدولت انہیں حاصل سفارتی استثنیٰ ختم کر دیا جائے۔ امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ بھارت نے یہ درخواست ردّ کر دی تھی جس کی وجہ سے واشنگٹن حکومت کو کھوبرا گاڑے کو ملک چھوڑ دینے کے لیے کہنا پڑا ہے۔

نیویارک میں بھارتی نائب قونصل جنرل ہونے کی حیثیت سے کھوبراگاڑے کو کسی مقدمے سے محدود استثنیٰ حاصل تھا جبکہ اقوام متحدہ کے سفارت کاروں کو کُلی استثنیٰ حاصل ہوتا ہے۔ بھارت نے اسی لیے اپنی سفارت کار کی اقوام متحدہ میں تعیناتی کی درخواست دی تھی۔

بھارتی سفارتی مشن کی رکن اور نائب قونصل جنرل دیویانی کھوبراگاڑے کو ویزا فراڈ اور غلط بیان دینے کے الزامات پر دسمبر میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

انہیں ڈھائی لاکھ ڈالر کی ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ بھارت نے اس گرفتاری پر سخت ردِ عمل ظاہر کیا تھا اور نئی دہلی کا مطالبہ تھا کہ اس خاتون سفارت کار کے خلاف تمام الزامات خارج کیے جائیں۔ کھوبرا گاڑے نے ویزا فراڈ اور اپنی گھریلو ملازمہ کی تنخواہ سے متعلق غلط بیان دینے کے حوالے سے اپنے خلاف الزامات سے انکار کیا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید