1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں بھارتی خاتون سفارت کار کی گرفتاری اور ضمانت

14 دسمبر 2013

نیو یارک شہر میں بھارتی قونصل خانے میں تعینات نائب قونصل جنرل کو ویزا فراڈ اور غلط بیان دینے کے الزام میں امریکی پولیس نے گرفتار کر لیا۔ بعد میں بھارتی سفارتکار کی ضمانت پر رہائی ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1AZcT
تصویر: picture-alliance/landov

بھارت کی سفارت کار دیویانی کھوبراگاڑے کو پولیس نے ویزا فراڈ اور غلط بیان دینے پر حراست میں لیا تھا۔ بعد میں سفارت کار کو ڈھائی لاکھ ڈالر کے مچلکے جمع کروانے پر عدالت نے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔ عدالت نے دیویانی کھوبراگاڑے کے پاسپورٹ کو بھی جمع کرنے کا حکم دیا ہے تا کہ وہ امریکا سے فرار نہ ہو سکیں۔ اگر اُن پر ویزا فراڈ اور غلط بیانی کے الزامات ثابت ہو گئے تو انہیں پندرہ برس تک کی سزا ہو سکتی ہے۔

 دیویانی کھوبراگاڑے نیویارک میں بھارتی قونصل خانے میں سینیئر عہدے پر تعینات ہیں۔ وہ نائب قونصل جنرل ہیں۔ وہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور ویمن افیئرز کی نگران بھی ہیں۔ اُن کی عمر انتالیس برس ہے۔ امریکی دفتر استغاثہ کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ بھارتی سفارت کار اپنے گھر میں کام کرنے کے لیے ایک بھارتی ملازم کو چار ہزار 500 ڈالر کے مساوی تنخواہ پر لے کر آئیں اور اصل میں اُس ملازم کو 30 ہزار بھارتی روپے یا 480 ڈالر دیے جاتے تھے۔

Sujata Singh
بھارت کی سیکرٹری خارجہ سجاتا سنگھتصویر: DW

 پراسیکیوٹرز کے مطابق بھارتی سفارت کار اپنے ملازم کو مقررہ سوا سات ڈالر کے نصف سے کم فی گھنٹہ تنخواہ دے رہی تھیں۔ ساڑھے چار ہزار ڈالر تنخواہ کا بھارتی نائب قونصل جنرل نے ویزا درخواست میں تحریر کیا تھا۔ امریکی پراسیکیوٹرز کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ اگر کوئی غیر ملکی اپنے گھر میں کام کے لیے کوئی ملازم رکھتا ہے تو اُس پر روزگار کے امریکی قوانین کا نفاذ ہوتا ہے۔

دیویانی کھوبراگاڑے کے وکیل ڈینئل ارشیک کا کہنا ہے کہ امریکی سفارتکاروں کو اپنی وزارت انصاف کے خلاف اِس اقدام کے تناظر میں ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اِس کی مذمت کرنی چاہیے۔ ارشیک کا مزید کہنا تھا کہ سفارت کار کے خلاف مقدمہ جلد ہی بریت پر ختم ہو جائے گا۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کے حکام نے بھی امریکی پراسیکیوٹرز سے کہا ہے کہ بھارتی خاتون کو ڈپلومیٹک استثناء حاصل ہے اور اُس کے مطابق معاملے کی نزاکت کا احساس کرتے ہوئے اِسے جلد حل کیا جائے۔

اُدھر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں امریکی سفیر نینسی پاول کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا۔ امریکی سفیر کے ساتھ بھارتی سیکرٹری خارجہ سُجاتا سنگھ نے ملاقات کی اور اپنی حکومت کی تشویش سے آگاہ کیا۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ نے سفیر پر واضح کیا جو سلوک بھارتی خاتون سفارت کار کے ساتھ روا رکھا گیا ہے، وہ ناقابل قبول ہے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ بھارتی حکومت نے بھی دیویانی کھوبراگاڑے کے گھر کام کرنے والے ملازم کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ یہ ملازم نومبر سن 2012 سے جون سن 2013 تک دیویانی کھوبراگاڑے کے گھر پر کام کرتا رہا ہے۔