کامن ویلتھ گیمز: پاکستان کے لیے اب تک صرف دو میڈل
10 اپریل 2018منگل دس اپریل کو ہاکی کے کھیل میں میڈل جیتنے کی پاکستان کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب بھارت نے ملائیشیا کو بہت سخت مقابلے کے بعد دو ایک سے ہرا کر گروپ بی سے انگلینڈ کے ساتھ سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنا لی۔ پاکستان کو اب اپنا آخری گروپ میچ بدھ کو ملائیشیا کے خلاف کھیلنا ہے۔
بھارت کی خواتین کھلاڑی ساڑھی نہیں پینٹ پہنیں گی
گلاسگوکامن ویلتھ گیمز، پاکستانی پسپائی کے اسباب
خلاف توقع روایتی حریف بھارت اور انگلینڈ کے خلاف میچ برابر کھیلنے پر پاکستانی ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا لیکن ٹورنامنٹ کے پہلے دن ویلز کے خلاف میچ ایک ایک گول پر ختم ہونا بھی اس کی پیش قدمی کی راہ میں رکاوٹ بنا۔ پاکستانی کھلاڑی مبشر علی نے بھارت اور انگلینڈ کے خلاف آخری لمحات میں گول کر کے امیدوں کو قائم رکھا تھا۔
سابق پاکستانی اولمپیئن سمیع اللہ خان اور شہناز شیخ کہتے ہیں کہ بھارت اور انگلینڈ سے خسارے میں جانے کے بعد میچ کو برابر رکھنا ظاہر کرتا ہے کہ ٹیم میں فائٹ بیک کرنے کی صلاحیت ہے لیکن اس کی مجموعی کارکردگی اب بھی غیر تسلی بخش ہے۔
ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے فلائنگ ہارس کے نام سے شہرت پانے والے سمیع اللہ نے کہا کہ عالمی رینکنگ میں اپنی پوزیشن، جو اس وقت 13 ویں ہے، بہتر بنائے بغیر پاکستان کا بڑی ٹیموں کو ہرانا دیوانے کا خواب ہو گا۔ غیر ملکی کوچ رولنٹ آلٹمنز کی بھارت کے خلاف میچ میں منصوبہ بندی نظر آئی۔ وہ اس سے قبل بھارتی ٹیم سے بھی منسلک رہ چکے ہیں اور اس کی خامیوں سے آگاہ تھے۔
سمیع اللہ کے مطابق پاکستان کو اپنی انڈر 16 اور انڈر 18 ہاکی ٹیم تشکیل دے کر غیر ملکی کوچ کو اس سے منسلک کرنا ہو گا تاکہ آئندہ برسوں میں ٹیم جیت کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
سابق پاکستانی کوچ اور اولمپیئن شہناز شیخ نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ قومی ٹیم نے تینوں میچ برابر کیے لیکن مخالف کو شکست دیے بغیر فائنل فور میں جگہ کیسے بنائی جا سکتی تھی۔ شیخ کے بقول پہلا میچ اچھا کھیلنے کے بعد ہی پاکستانی ٹیم روایتی طور پر کسی ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلتی ہے لیکن گولڈ کوسٹ میں بدقسمتی سے ویلز کو افتتاحی روز ہرایا نہ جا سکا۔
کامن ویلتھ گیمز: پاکستان پرتھ سے گلاسگو تک
کامن ویلتھ چیمپئن سعدی عباس کا ملک چھوڑنے پر غور
شہناز شیخ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے گز شتہ دو برس ٹیم کو غیر پیشہ ور کوچز کے سپرد کر کے ضائع کر دیے۔ پی ایچ ایف کو ہر سہ ماہی کے بعد کوچ اور ٹیم انتظامیہ تبدیل کرنے کی اپنی روش ترک کر کے غیر ملکی کوچ رولنٹ آلٹمنز سے معاہدے کی پاسداری کرنا ہو گی تاکہ مستقبل میں اچھے نتائج سامنے آ سکیں۔
شہناز شیخ نے مزید کہا کہ ٹیم سیمی فائنل نہیں کھیل سکی لیکن اس کی بڑے بڑے مارجن سے ہارنے کی حالیہ روایت کا ختم ہونا بھی دراصل ایک حوصلہ افزا بات ہے۔ شہناز شیخ کے مطابق گول کیپر عمران بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں اچھی کارکردگی دکھائی لیکن ٹیم کے سینئر کھلاڑی شفقت اور رضوان وغیرہ اپنا بہترین دور گزار چکے ہیں۔
دریں اثناء کوئینزلینڈ آسٹریلیا میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں منگل کو پاکستان کی خواتین سکواش ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست ہو گئی۔ خواتین سکواش کے ڈبلز ایونٹ گروپ سی میں پاکستان کی فائزہ ظفر اور مدینہ ظفر کو بھارت کی دیپیکا پالیکل اور جوشنہ چیناپا کے خلاف دو ایک سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کے سابق سربراہ پر بد عنوانی کے الزامات
جوانی میں اولمپک سائیکلسٹ، بڑھاپے میں رکشہ ڈرائیور
پیر کو گوجرانوالہ کے 20 سالہ ویٹ لفٹر نوح بٹ نے بھارت کے گردین سنگھ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 395 کلوگرام وزن اٹھا کر 105 کلوگرام وزن کی کیٹیگری میں پاکستان کو دوسرا کانسی کا تمغہ دلایا تھا۔ اس سے قبل اٹھارہ سالہ طلحہ طالب 62 کلوگرام کلاس میں موجودہ گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے تھے۔
ایک اور میڈل جیتنے کی پاکستانی امیدیں اب بلوچستان سے تعلق رکھنے والے باکسر سید آصف سے وابستہ ہیں، جنہیں بدھ کو تیسرے کوارٹر فائنل میں اسکاٹ لینڈ کے ریس میکفیڈن کا مقابلہ کرنا ہے۔ 24 سالہ سید محمد آصف آج منگل دس اپریل کو 52 کے جی کلاس میں کینیا کے برائن اگینا کو ہرا کر میڈل کی دوڑ میں شامل ہو گئے۔