1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانس ميں 12 ارب يورو کے بچت منصوبے کا اعلان

25 اگست 2011

فرانس نے آج جمعرات 25 اگست کو اربوں یورو کی بچت کے ايک بڑے منصوبے کا اعلان کيا ہے۔ منصوبے کے مطابق امراء پر ٹيکسوں ميں اضافے اور ٹيکس ميں کئی رعايتوں کو ختم کر کے تقريباً 12 ارب يورو يا 17 ارب ڈالر کی بچت کی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/12NPN
فرانس: کابينہ کا اجلاس
فرانس: کابينہ کا اجلاستصویر: dapd

اس کے ساتھ ہی فرانسيسی وزير اعظم فرانسوا فِيوں نے قومی معيشت ميں نمو کے سرکاری اندازے ميں تصحيح کرتے ہوئے اُسے دو فيصد سے گھٹا کر 1.75 فيصد کرنے کا اعلان بھی کيا۔ اُنہوں نے کہا کہ ان حکومتی اقدامات کی مدد سے اگلے سال فرانس کے قومی بجٹ میں خسارے کی شرح کم ہو کر مجموعی قومی پيداوار کے 4.5 فيصد کے برابر رہ جائے گی۔

دائيں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے فرانسيسی وزير اعظم نے کہا: ’’ہمارا ملک ہميشہ ہی اپنی استطاعت سے زيادہ خرچ نہيں کر سکتا۔‘‘ فرانسیسی حکومت نے ملکی بجٹ ميں يہ اضافی تراميم  يورو زون کے مالی بحران کی وجہ سے پيش کی ہيں۔

فرانسيسی وزير اعظم فيوں اور جرمن چانسلر مير کل
فرانسيسی وزير اعظم فيوں اور جرمن چانسلر مير کلتصویر: AP

اس سال کے شروع ميں عالمی منڈيوں کو ان افواہوں نے لرزا ديا تھا کہ فرانس کی اپنے ذمے واجب الادا قرضے واپس کرنے کی اہليت يا کريڈٹ ريٹنگ ميں کمی ہو سکتی ہے اور يورو زون کے قرضوں کے بحران کی زد ميں آئے ہوئے کمزور ملکوں ميں فرانسيسی بينکوں کا بہت زيادہ سرمايہ لگا ہوا ہے۔

فرانس کے صدر نکولا سارکوزی کا کہنا ہے کہ فرانسيسی مالیاتی نظام کو کوئی خطرہ نہيں ہے۔ ليکن وزير اعظم فِيوں نے کہا کہ فرانس ’قرضوں کی قابل برداشت حد‘ عبور کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بين الاقوامی مالياتی صورتحال کو مد نظر نہ رکھنا انتہائی غير ذمہ دارانہ رویہ ہو گا۔

مالياتی ماہرين ايک عرصہ پہلے ہی يہ کہہ چکے ہيں کہ فرانس کے، اس سال اقتصادی نمو ميں دو فيصد اور اگلے سال 2.2  فيصد اضافے کے اندازے بہت زيادہ خوش اميدی پر مبنی ہيں۔ اب فرانسوا فِيوں کے نئے اقدامات کی بنياد اس سال اور اگلے سال 1.75 فيصد کی شرح سے ممکنہ اقتصادی ترقی پر رکھی گئی ہے۔

صدر سارکوزی اور چانسلر ميرکل، خصوصی کانفرنس
صدر سارکوزی اور چانسلر ميرکل، خصوصی کانفرنستصویر: dapd

اُنہوں نے اعلان کيا کہ اس سال فرانس مزيد ايک ارب يورو بچائے گا اور اگلے سال 11 ارب يورو بچائے جائیں گے۔ فرانس ميں صدر سارکوزی کی اپريل ميں دوبارہ صدر منتخب ہونے کی مہم کے آغاز کے پيش نظر بچت کے يہ منصوبے عوامی حوالے سے بہت سخت نظر آتے ہيں۔

وزير اعظم کے بچت کے اس نئے منصوبے ميں پانچ لاکھ يورو سالانہ سے زيادہ آمدنی والوں پر ٹيکس ميں تين فيصد اضافہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ تمباکو، شراب، ميٹھے مشروبات اور بعض دوسری اشياء پر ٹیکس بھی بڑھا ديے جائيں گے۔ علاج کے اضافی بيموں پر ٹيکس کی شرح بھی بڑھا دی جائے گی۔ ليکن صدر سارکوزی کی ايک بنيادی تجويز، کارکنوں کو اوور ٹائم سے ہونے والی آمدنی پر ٹيکس ميں کمی کا کوئی تذکرہ نہيں کيا گيا ہے۔

وزير اعظم فِيوں نے کہا ہے کہ حکومت تجارتی کمپنيوں اور فرموں کو ان کے کاروباری خسارے پر اُنہيں ٹيکس میں رعايت دينے سے متعلقہ ضابطوں کو اسی بارے میں ہمسايہ ملک جرمنی میں نافذ مالی ضوابط کے مطابق بنائے گی۔ پچھلے مہينے جرمن فرانسيسی سربراہی کانفرنس ميں صدر سارکوزی اور چانسلر ميرکل نے يہ طے کيا تھا کہ تجارتی صنعتی اداروں کے ضوابط کو ايک دوسرے سے ہم آہنگ بنايا جائے گا۔ فرانس کے ضوابط کے تحت کمپنياں اپنے خسارے مکمل طور پر ٹيکس میں چھوٹ کے ليے استعمال کر سکتی ہيں ليکن جرمنی ميں ایسی مکمل چھوٹ کی اجازت نہيں ہے۔

رپورٹ: شہاب احمد صديقی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں