1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ میں فلسطینی ہلاکتوں کے خلاف بین الاقوامی مظاہرے

مقبول ملک13 جولائی 2014

اسرائیل نے غزہ پٹی پر فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ اب زمینی آپریشن بھی شروع کر دیا ہے اور اب تک 165 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان ہلاکتوں کے خلاف آج اتوار کو آسڑیلیا سے لے کر بھارت تک مختلف ملکوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

https://p.dw.com/p/1Cc7R
شمالی غزہ میں اتوار تیرہ جولائی کو کیے جانے والے اسرائیلی فضائی حملےتصویر: Reuters

کئی ملکوں میں ہزار ہا شہریوں کی طرف سے فلسطینیوں کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ٹاؤن ہال کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں تین ہزار مظاہرین شامل ہوئے۔ مظاہرین غزہ پر اسرائیلی فوجی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ’اسرائیل شرم کرو‘، ’فلسطین کو آزاد کرو‘ اور ’غزہ کو ‌آزاد کرو‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے اور انہوں نے اسی طرح کے نعروں والے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔

آسڑیلیوی سینیٹ کے گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن Lee Rhiannon نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’اسرائیل غزہ پر بمباری سے عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جو باعث شرم بات ہے۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔‘‘

غزہ پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں کا آج اتوار کو چھٹا دن ہے۔ اس دوران فلسطینی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 165 ہو چکی ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی اسرائیل اور حماس دونوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف اپنے حملے فوراﹰ بند کر دیں۔

Demonstration gegen Besatzung Palästinas durch Israel in München 12.07.2014
ہفتہ بارہ جولائی کو جرمن شہر میونخ میں بھی غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج کیا گیاتصویر: picture-alliance/dpa

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک انڈونیشیا میں بھی آج فلسطینیوں کے حق میں سینکڑوں افراد نے ایک یکجہتی مارچ میں حصہ لیا۔ دارالحکومت جکارتہ کی سڑکوں پر مارچ کرتے ہوئے مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور اسرائیلی حملوں میں مارے جانے والے بچوں سے متعلق بڑے بڑے پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔

اس مارچ میں شریک ایک انڈونیشی شہری نے اے ایف پی کو بتایا کہ غزہ کے مسلمانوں کو ’اسرائیلی قابض قوتوں کی جارحیت‘ کا سامنا ہے اور انڈونیشی مسلمان غزہ کے عوام کے دکھ درد میں برابرکے شریک ہیں۔

اسرائیل نے عسکریت پسند فلسطینیوں کو راکٹ حملوں سے روکنے کے لیے غزہ پٹی پر فضائی حملے گزشتہ منگل کو طلوع آفتاب سے پہلے شروع کیے تھے۔ اسرائیل نے ان کارروائیوں کو ’آپریشن پروٹَیکٹو اَیج‘ کا نام دیا ہے۔

آج اتوار کے روز ہانگ کانگ میں بھی مقامی مسلم آبادی کی طرف سے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین زیادہ تر نوجوان طلبا تھے جنہوں نے یہ مظاہرہ آج نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے کیا۔ قبل ازیں جمعے اور ہفتے کے روز جاپان میں ٹوکیو اور ملائیشیا کے مختلف شہروں میں بھی فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کیے گئے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید