1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سادہ پیکٹوں میں سگریٹ کی فروخت، آسٹریلوی حکومت کی کامیابی

عاطف بلوچ18 دسمبر 2015

آسٹریلیا میں سگریٹوں کو سادہ پیکٹوں میں فروخت کرنے کے منصوبے کو تقویت ملی ہے۔ انٹرنیشنل ٹریبونل نے سگریٹ بنانے والے اداروں کا اس تناظر میں دائر کیا گیا قانونی چیلنج مسترد کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HPlz
Australien Verpackungsgesetze Zigaretten
تصویر: picture-alliance/dpa

کینبرا حکومت نے جمعہ اٹھارہ دسمبر کو انٹرنیشنل ٹریبونل PCA کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس کیس کی سماعت اس کے دائرہ کار سے باہر ہے۔ آسٹریلیا میں سگریٹوں کو سادہ پیکٹوں میں فروخت کرنے کے قانون کو فلپ مورس نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس قانونی معاملے پر PCA سے رجوع کرے گا۔

آسٹریلیا میں تمباکو کی پالیسی کی ذمہ دار دیہی صحت عامہ کی وزیر فی اونا نیش کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سادہ پیکٹوں میں سگریٹوں کی فروخت ملکی صحت عامہ کی پالیسیوں سے مطابقت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینبرا حکومت ٹریبونل کے اس فیصلے سے متفق ہے کہ اس کیس کی سماعت کرنا اس کے قانونی دائرہ کار سے باہر ہے۔ (PCA)

فی اونا نیش نے واضح کیا، ’’تمباکو نوشی سے غیر محسوس طریقے سے لوگوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ لوگ کینسر میں مبتلا ہو کر ہلاک ہوجاتے ہیں۔ پھیپھڑوں اور دل کی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں اور اس سے گھرانے متاثر ہوتے ہیں۔‘‘

آسٹریلیا میں سن 2012 میں لازمی قرار دے دیا گیا تھا کہ سگریٹوں کو سادہ پیکٹوں میں فروخت کیا جائے اور ان پیکٹوں کو رنگین اور دیدہ زیب بنانے کی کوشش نہ کی جائے گی۔ آسٹریلیا میں پیکٹوں پر سگریٹ بنانے والوں کے ٹریڈ مارک کی بجائے صحت سے متعلقہ وارننگز شائع ہوتی ہیں، جن میں دل دہلا دینے والی تصاویر بھی شامل ہوتی ہیں۔

آسٹریلوی حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اس اقدام کا مقصد تمباکو نوشی سے نتھی کر دی جانے والی مہم جوئی کا خاتمہ اور تمباکو نوشی کی شرح میں کمی تھی۔ سن دو ہزار بارہ میں آسٹریلیا ایسا پہلا ملک بن گیا تھا، جہاں سگریٹوں کو ایسے سادہ پیکٹوں میں فروخت کیا جانا شروع کیا گیا تھا۔

دوسری طرف سگریٹ بنانے والے بڑے بڑے اداروں نے ایسے قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ دراصل یوں ان کے ٹریڈ مارک انٹیلکچول پراپرٹی رائٹس متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کمپنیوں میں ’فلپ مورس انٹرنیشنل‘، ’برٹش امریکن ٹوبیکو’، ’امپیریل ٹوبیکو‘ اور ’جاپان ٹوبیکو انٹرنیشنل‘ شامل ہیں۔

Australien Zigarettenpackungen
آسٹریلیا میں فروخت ہونے والے سگریٹ کا ایک پیکٹتصویر: picture-alliance/dpa

بین الاقوامی تنازعات کے حل کے لیے بنائی گئی Permanent Court of Arbitration۔ (PCA) نے اپنے اس فیصلے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

آسٹریلیا میں سگریٹوں کو سادہ پیکٹوں میں فروخت کرنے کے قانون کے نفاذ کے بعد فلپ مورس نے 2011ء میں اسے آسٹریلوی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ تاہم 2014ء میں فلپ مورس اور سگریٹ بنانے والے دیگر تین ادارے آسٹریلوی ہائی کورٹ میں یہ کیس ہار گئے تھے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق سگریٹ بنانے والے ان اداروں کا مطالبہ ملکی آئین کے منافی تھا۔