1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا سگریٹ کے سادہ پیکٹ متعارف کرانے کے اور قریب

10 نومبر 2011

آسٹریلوی پارلیمان کے ایوان بالا نے آج جمعرات کو اس نئے قانون کی منظوری دے دی جس کے تحت آسٹریلیا دنیا بھر میں سگریٹ کے بالکل سادہ پیکٹ متعارف کرانے والا پہلا ملک بن جائے گا۔

https://p.dw.com/p/138eO
تصویر: hpw/Fotolia

سڈنی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق آسٹریلوی حکومت کا یہ منصوبہ تمباکو نوشی کی حوصلہ شکنی کی کوششوں کے تحت پوری دنیا میں اپنی نوعیت کا اولین منصوبہ ہے۔ جمعرات کو اس بارے میں ایک مسودہ قانون کی پارلیمانی ایوان بالا میں منظوری کے ساتھ آسٹریلیا اس سلسلے میں اپنی منزل کے مزید قریب ہو گیا ہے۔

Retro-Frau
تصویر: Fotolia.de

تاہم حکومت کو اس کی ان کوششوں کے سلسلے میں تمباکو مصنوعات تیار کرنے والی صنعت کی طرف سے قانونی کارروائی کا بھی خدشہ ہے۔ برٹش امریکن ٹوبیکو کمپنی کی آسٹریلوی شاخ BATA کی طرف سے پہلے ہی یہ دھمکی دی جا چکی ہے کہ آسٹریلیا میں یہ نیا قانون نافذ ہونے کی صورت میں وہ اسے عدالت میں چیلنج کر دے گی۔

Rauchen in Gegenwart von Babies und Kindern
تصویر: picture alliance/abaca

اس قانون کے تحت آسٹریلوی حکومت ملک میں ہر سال ہونے والی ان قریب 15 ہزار انسانی ہلاکتوں کی تعداد میں کمی کرنا چاہتی ہے، جن کی وجہ تمباکو نوشی کے براہ راست نتائج ہوتے ہیں۔ اس نئے قانون کے تحت ملک میں سگریٹ کے پیکٹ آئندہ بھورے زیتون کے رنگ کے ہوا کریں گے جو اپنی رنگت میں پرکشش بالکل نہیں ہو گا۔ اس کے علاوہ سگریٹ کے ان سادہ پیکٹوں پر صحت سے متعلق ایسی تنبیہات بھی شائع کی جائیں گی جومثال کے طور پر خراب ہو جانے والے مسوڑوں، منہ کے سرطان اور ہسپتالوں میں زیر علاج افراد کی تصویری شکل میں علامتی عکاسی کریں گی۔

Flash-Galerie Tabak Montevideo Uruguay
تصویر: AP

بڑی بڑی ٹوبیکو کمپنیوں کا دعویٰ ہے کہ آسٹریلوی حکومت کی طرف سے ایسا کوئی بھی اقدام غیر آئینی ہو گا کہ وہ ان کمپنیوں کی تجارتی مصنوعات سے ان کے ٹریڈ مارک ختم کرنے کی کوشش کرے۔ ایسی صورت میں اگر کوئی بھی ممکنہ عدالتی فیصلہ ٹوبیکو کمپنیوں کے حق میں ہو گیا تو حکومت کے لیے سیاسی اور مالی مشکلات پیدا ہو جائیں گی۔ اس لیے کہ پھر اگر حکومت اس نئے قانون پر عمل درآمد کرنا چاہے گی تو وزارت صحت کو ممکنہ طور پر سگریٹ ساز اداروں کو اربوں ڈالر اس لیے ادا کرنا پڑیں گے کہ ان کمپنیوں کو اپنی مصنوعات پر اپنے اپنے ٹریڈ مارک شائع نہ کرنے پر آمادہ کیا جا سکے۔

آسٹریلوی حکومت کا ارادہ ہے کہ ملک میں یہ نیا قانون اگلے برس دسمبر سے نافذ العمل ہو جائے گا۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں