1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خطرناک جرمن نيو نازی گروپ غير ملکيوں کو قتل کرتا رہا

17 نومبر 2011

جرمنی ميں ايک انتہا پسند نيو نازی گروپ کی سرگرميوں پر شديد غم و غصہ پايا جاتا ہے۔ يہ گروپ 10 سال تک غير ملکيوں کو قتل کرتا رہا ليکن خفيہ اداروں اور سلامتی کے حکام اس پر ہاتھ ڈالنے میں ناکام رہے۔

https://p.dw.com/p/13CWv
اين پی ڈی کا ايک جلوس
اين پی ڈی کا ايک جلوستصویر: AP

نيو نازيوں کا سياسی مرکز جرمنی کی ایک جماعت اين پی ڈی سمجھی جاتی ہے، جو باقاعدہ انتخابات ميں بھی حصہ ليتی ہے۔ اب اس پارٹی پر پابندی لگانے کے مطالبات پھر سے کيے جا رہے ہيں۔

اب بھی اس خطرناک نيو نازی گروپ کے بعض جرائم کا انکشاف حکام کی تحقيقات سے نہيں بلکہ اس وجہ سے ہوا کہ دو مجرموں نے بينک لوٹنے کی کوشش ميں ناکام ہونے کے بعد سزا سے بچنے کے ليے خود کشی کر لی۔ اگر یہ نيو نازی مجرم بينک لوٹ کر بچ نکلنے ميں کامياب ہو جاتے، تو قتل کی يہ وارداتيں جاری رہتيں۔

جرمنی کی نيشنل ڈیموکریٹک پارٹی يا اين پی ڈی پر پابندی لگانے يعنی اُسے کالعدم قرار ديے جانے کے سلسلے ميں انتہا پسندی پر تحقیق کرنے والے ماہرین اس پر متفق ہيں کہ اگرچہ اس کے ليے قانونی وجوہات کافی حد تک موجود ہيں ليکن اس کو حقيقت کی شکل دينا بہت مشکل ثابت ہو گا۔ ايک رکاوٹ پابندی پر اختلاف رائے بھی ہے۔ مثلاً انتہا پسندی کے ايک محقق Eckhard Jesse کے خيال ميں اين پی ڈی پر پابندی سے تشدد پر آمادہ دائيں بازو کی انتہا پسندی پر قابو پانا ممکن نہيں بلکہ اس کا الٹا اثر ہو گا کيونکہ يا تو نازی رجحانات والے ايک نئی پارٹی بنا ليں گے اور يا پھران کا ايک سخت گير گروپ زير زمين چلا جائے گا۔

اين پی ڈی کے خلاف مظاہرہ
اين پی ڈی کے خلاف مظاہرہتصویر: picture-alliance/dpa

ماہر سياسيات کرسٹوف بُٹر ويگے کا کہنا ہے کہ صرف اين پی ڈی پر پابندی پر اکتفا کرنا اور سياسی جماعتوں اور سياستدانوں کی طرف سے اسے اپنے مقاصد اور پروپيگنڈے کے ليے استعمال کرنا درست نہيں ہو گا بلکہ ايک وسيع تر آگہی اور شعور پيدا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس پارٹی کی قوت محرکہ يعنی اس کے نظريات کی مذمت کی ضرورت ہے۔ اس منفی قوم پرستی کی مسلسل اور کھل کر مذمت کی جانا چاہيے کہ کوئی فرد جرمن ہونے کی وجہ سے دوسرے انسانوں سے بہتر اور برتر اور صحيح نسل کا باشندہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سياستدانوں کو ايسے غير محتاط بيانات سے گريز کرنا چاہيے، جن سے نسل پرستانہ رجحانات رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

انٹر نيٹ پر نسلی برتری کا انسانيت دشمن نازی پروپيگنڈہ
انٹر نيٹ پر نسلی برتری کا انسانيت دشمن نازی پروپيگنڈہتصویر: picture alliance/dpa

انتہا پسندی سے متعلقہ امور کے ايک اور ماہر ہايو فُنکے کے مطابق ايک سياسی پارٹی ہونے کی حيثيت سے ٹيکس کی رقوم کی مدد سے اپنے انسان دشمن نظريات پھيلانے والی اين پی ڈی کو ممنوع قرار دينے سے اس کے دوسری شکل اختيار کر لينے کا خطرہ محدود ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جرمنی ميں ايسی مجرمانہ نظريات رکھنے والی انجمنيں کھل کر کام کر رہی ہيں، جو خود کو نازی نظريات کا پرستار کہتی ہيں۔ ان کو بند کرنا کہيں زيادہ آسان ہے ليکن ايسا نہيں کيا جا رہا ہے۔ معاشرے ميں نسل پرستانہ لغويات کے خلاف ايک وسيع بنياد والی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ: گُنٹر بِرکن اشٹوک / شہاب احمد صديقی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں