جرمن صوبائی انتخابات میں میرکل کی جماعت مشکل میں
7 مئی 2012ٹی وی چینل اے آر ڈی کے پیشگی اندازوں کے مطابق چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین سی ڈی یو کو 30.8فیصد ووٹ ملے ہیں، جو کہ 1950ء کے بعد سے اس صوبے میں اس جماعت کے لیے بدترین نتائج ہیں۔ اب تک اس شمالی جرمن صوبے میں قدامت پسند سی ڈی یو برسرِاقتدار تھی تاہم اتوار کے نتائج کے بعد یہ اقتدار اُس کے ہاتھوں سے پھسلتا دکھائی دے رہا ہے۔
اُس کی وجہ یہ ہے کہ 30.4فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (SPD)نے بائیں بازو کی چھوٹی اعتدال پسند جماعتوں کے ساتھ مل کر تین جماعتوں کی ایک مخلوط حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ دو برسوں کے دوران میرکل کی قدامت پسند جماعت کو تین صوبوں میں اقتدار سے ہاتھ دھونا پڑے ہیں۔ ان صوبائی انتخابات کی بڑی فاتح اسٹبلشمنٹ مخالف جماعت پائریٹس پارٹی رہی، جسے 8.2 فیصد ووٹ ملے اور جو تیسرے جرمن صوبے میں علاقائی اسمبلی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس جماعت کو وفاقی مخلوط حکومت میں شامل جماعت ایف ڈی پی یعنی فری ڈیموکریٹک پارٹی کے مقابلے میں محض 162 کم ووٹ ملے ہیں۔ تناسب کے اعتبار سے ایف ڈی پی کو بھی 8.2 فیصد ووٹ ملے ہیں۔
مجموعی طور پر چھ سیاسی جماعتیں شلیزوک ہولشٹائن کی صوبائی پارلیمان میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں تاہم ان میں سے کون سی جماعتیں مل کر آئندہ حکومت تشکیل کریں گی، یہ بات ابھی غیر واضح ہے۔
اس صوبے میں، جس کی سرحدیں اسکنڈے نیویا کے ملک ڈنمارک کے ساتھ ملتی ہیں، 2.2ملین رائے دہندگان کو نئی صوبائی پارلیمان کے انتخاب کے لیے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
اس مہینے چانسلر میرکل کو ایک اور جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں بھی اہم انتخابات کا سامنا ہے۔ جرمنی کے آبادی کے اعتبار سے اس سب سے بڑے صوبے میں آئندہ اتوار تیرہ مئی کو 13.3ملین رائے دہندگان ایک نئی صوبائی پارلیمان منتخب کریں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ شلیزوک ہولشٹائن کی طرح نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں بھی میرکل کی جماعت سی ڈی یو اور وفاقی مخلوط حکومت میں اُس کی ساتھی جماعت ایف ڈی پی کو عوامی حمایت میں بڑے پیمانے پر کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ماہرین یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ شلیزوک ہولشٹائن کی طرح نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں بھی نئی نئی ابھرنے والی پائریٹس پارٹی سوشل ڈیموکریٹس اور گرین پارٹی کے ووٹ کھینچ کر اپنی طرف لے جائے گی۔
aa/ab (dpa)