جان کیری نجات دہندہ بننا چاہتے ہیں، اسرائیلی وزیر دفاع
15 جنوری 2014ایک اسرائیلی اخبار یدیاوت اخرونوت نے اپنے ملک کے وزیر دفاع موشے یالون کا ایک بیان شائع کیا ہے اور اُس میں کہا گیا ہے کہ جان کیری کا مشرق وسطیٰ کے لیے امن پلان دانش پر مبنی نہ ہونے کے علاوہ غیر عاقلانہ بہادرپن کا مجموعہ ہے۔ موشے یالون کے بیان پر واشنگٹن کی جانب سے قدرے ناراضی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ مبصرین کے مطابق یالون کے بیان سے اسرائیل کے سب سے مضبوط اتحادی اور حلیف کے ساتھ دبی ہوئی کشیدگی ایک بار پھرجنم لے سکتی ہے۔
اسرائیلی اخبار یدیاوت اخرونوت میں شائع ہونے والے بیان میں موشے یالون نے یہ بھی کہا ہے کہ جان کیری امن پلان کو سر پر سوار کیے ہوئے ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ خطے کے لیے نجات دہندہ بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔ جان کیری نے وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد کم از کم دس مرتبہ اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کے دورے کیے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ امن ڈیل کو آگے بڑھانے کے لیے امریکا کی جانب سے اسرائیل کی سکیورٹی سے متعلق کئی اقسام کی تجاویز کو پیش کیا گیا ہے۔
امریکا نے اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان کو اشتعال انگیز اور نامناسب قرار دیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل میں امریکی سفارت خانے نے اس بیان پر نیتن یاہو حکومت سے شکایت بھی کی ہے۔ امریکی صدر کی رہائشگاہ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی کا کہنا ہے کہ یالون کا تبصرہ اگر واقعی درست ہے تو یہ نازیبا اور جارحانہ ہے۔ کارنی کے مطابق امن پلان کے حوالے سے جان کیری اور اُن کے ساتھ دن رات مصروف ہیں کیونکہ امریکی حکومت اسرائیل اور فلسطینی انتظامیہ کے درمیان پائے جانے والے قدیم تنازعے پر تشویش رکھتے ہوئے اِس کا مناسب حل چاہتی ہے۔ کارنی نے مزید کہا کہ جان کیری کی کوششوں پر انگلی اٹھانے کی توقع قریبی حلیف ملک کے وزیر دفاع سے کم از کم نہیں کی جا سکتی تھی۔
یالون کے دفتر نے اس اخباری رپورٹ کی نہ تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید۔ البتہ اس دوران یالون کی جانب سے دو بیان جاری ہوئے ہیں۔ پہلے میں کہا گیا کہ امریکا یقینی طور پر اسرائیل کا انتہائی گہرا اور مضبوط ترین حلیف ہے اور دونوں ملکوں میں اگر کوئی اختلاف ہو گا تو وہ کھلے عام زیر بحث نہیں لایا جائے گا بلکہ اُسے بند کمرے میں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ منگل کے روز موشے یالون کے دفتر سے ایک اور بیان جاری کیا گیا اور اُس میں جان کیری کی امن کوششوں کو سراہا گیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور دوسرے اہم سیاستدانوں نے یالون کے بیان سے دوری اختیار کر لی ہے۔
موشے یالون نے جان کیری کے امن منصوبے میں شامل سکیورٹی کی تجاویز کو بےوقعت قرار دیا ہے۔ کیری نے امن ڈیل کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان کو تجویز کرتے ہوئے اسرائیل کی سلامتی سے متعلق خاصے اہم نکات کو اسرائیلی قیادت کے سامنے پیش کر رکھا ہے۔ یالون کا یہ بھی کہنا ہے کہ اِن کوششوں سے امکاناً کیری کو امن کا نوبل انعام بھی حاصل ہو سکتا ہے اور ایسا ہونے کے بعد وہ شاید اسرائیل کا پیچھا چھوڑ دیں۔ موشے یالون اسرائیل کی فوج کے سابق سربراہ رہنے کے علاوہ موجودہ وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے انتہائی قریبی ساتھی ہیں۔