فریم ورک طے کیے بغیر کیری کی مشرقِ وسطیٰ سے واپسی
6 جنوری 2014اس کے باوجود جان کیری کا کہنا ہے کہ خطے کے رہنماؤں سے ان کی ملاقاتیں مفید رہی ہیں اور امن عمل میں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے اس چار روزہ دورے میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں گھنٹوں امن عمل پر غور کرتے رہے۔ اسی دوران انہوں نے اپنے دیگر عرب اتحادیوں اردن اور سعودی عرب کے بھی غیر اعلانیہ دورے کیے۔
پیر کی صبح وطن روانگی سے قبل امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے یروشلم میں مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکا سمیت چار طاقتوں کے خصوصی مندوب ٹونی بلیئر کو اپنے دورے میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ امریکی وزیر خارجہ کی حیثیت سے یہ مشرقِ وسطیٰ کے لیے ان کا دسواں دورہ تھا۔
قبل ازیں جان کیری نے اسرائیلی اپوزیشن رہنما آئزک ہیرسوگ سے بھی ملاقات کی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی حکام اس دورے کے موقع پر جان کیری کی ملاقاتوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دے رہے، تاہم اس کے چند پہلو سامنے آئے ہیں۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بات چیت وادئ اردن میں سکیورٹی کو یقینی بنانے پر مرکوز رہی جو مغربی کنارے اور اردن کے درمیان سرحدی علاقہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی یروشلم کے مستقبل پر بھی غور کیا گیا جسے دونوں فریقین آنے والوں دِنوں میں اپنے دارالحکومت کے طور پر دیکھتے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق کسی بھی طرح کے معاہدے میں سعودی عرب اور اردن اہم کردار ادا کریں گے۔ یہی وجہ ہے کہ جان کیری اردن اور سعودی عرب بھی گئے۔
اتوار کو رات گئے انہوں نے سعودی شاہ عبداللہ سے ملاقات کی۔ بعدازاں انہوں نے کہا: ’’شاہ محض حوصلہ افزائی کر رہے تھے لیکن انہوں نے ہماری کوششوں اور اُمیدوں کی حمایت کی ہے کہ ہم آنے والے دِنوں میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ وہ یہ بھی یقین رکھتے ہیں کہ یہ خطے کے لیے اہم ہے اور اس کے بہت سے فائدے ہیں جو ہماری کامیابی کی صورت میں سب کو ملیں گے۔‘‘
سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے بھی اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات بہت اچھی رہی۔
جان کیری رواں ہفتے عرب لیگ کے اعلیٰ رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے جس میں وہ انہیں اسرائیل اور مغربی کنارے میں گزشتہ ہفتے کی اپنی ملاقاتوں اور بات چیت سے آگاہ کریں گے۔
خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے ایسے موقع پر اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں جب وہ ایک دوسرے پر مذاکرات کے لیے غیرسنجیدہ ہونے کے الزامات لگا رہے تھے۔