بلغاریہ ، حملہ آور کی ویڈیو جاری کر دی گئی
20 جولائی 2012اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایران کو ’ انتہائی خطرناک ریاست‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے بلغاریہ میں اسرائیلی باشندوں پر خود کش حملے کے سلسلے میں تہران حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے اس حملےکی ’بھاری قیمت‘ چکانا پڑے گی۔
بدھ کو بلغاریہ کے بندر گاہی شہر برگاس کے ہوائی اڈے کی پارکنگ میں ہوئے خود کش حملے کے نتیجے میں پانچ اسرائیلی باشندے اور ان کا ایک ڈرائیور مارا گیا تھا۔ اس حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 33 اسرائیلی سیاحوں کو ایک فوجی طیارے کے ذریعے تل ابیب پہنچا دیا گیا ہے جبکہ انتہائی تشویشناک صورتحال کے شکار تین اسرائیلوں کو بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ کے ایک ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔
دریں اثناء بلغاریہ کے حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کر دی ہے، جس میں مشتبہ حملہ آور کو دکھایا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بلغاریہ کے وزیر داخلہ سویٹان سویٹانوف کے حوالے سے بتایا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والے مشتبہ شخص کے پاس ایک بیگ تھا، جس میں دھماکا خیز ڈِوائس تھی، جو اس نے بس کے اندر داخل ہوتے ہوئے چالو کر دی تھی۔
ادھر یروشلم میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ ایران اور اس کا لبنانی آلہ کار حزب اللہ دنیا بھر میں دہشت گردی کی مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلغاریہ میں اسرائیلی سیاحوں پر حملے کے پیچھے بھی انہی کا ہاتھ ہے۔
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں دہشت گردی برآمد کرنے والی ریاستوں میں ایران سرفہرست ہے۔ ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ دنیا کی سب سے زیادہ خطرناک ریاست کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں آنے چاہییں۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ بلغاریہ حملوں کے منصوبہ سازوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
اسرائیلی وزیر خارجہ ایوگڈور لیبر من نے بھی کہا کہ ایسے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ برگاس ہوائی اڈے پر کیے گئے حملے میں ایران اور لبنانی ملیشیا حزب اللہ ملوث ہیں۔ دوسری طرف تہران حکومت نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دہشت گردانہ حملوں کی سخت مذمت کرتی ہے۔ حزب اللہ نے بھی ان حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاحوں کے خلاف جنگ نہیں کر رہا ہے۔
بلغاریہ کے وزیرا عظم بوئیکو بوریسوف نے بتایا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کے فنگر پرنٹس اور ڈی این اے نمونہ ساتھی ممالک کو روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ تحقیقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ اس کیس میں مدد کے لیے اسرائیل اور امریکا کے انٹیلی جنس حکام بلغاریہ پولیس کی مدد کر رہے ہیں۔ یورپی یونین نے بھی اس حوالے سے مدد کی پیشکش کر دی ہے۔
ab/ai (dpa)