بغداد: جیل توڑنے کی کوشش، ایک جنرل سمیت 17 افراد ہلاک
8 مئی 2011جیل توڑنے کی کوشش کے دوران ہونے والی جھڑپیں اتوار کی صبح شروع ہوئیں اور قریب چھ گھنٹے تک جاری رہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ برس کے بغداد چرچ حملوں کے ماسٹر مائنڈ ابوحذیفہ البتاوی نے ایک گارڈ سے بندوق چھیننے کے بعد دیگر قیدیوں سمیت جیل توڑنے کی کوشش کی۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے سے 10 قیدی اور ایک بریگیڈیئر جنرل سمیت چار پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔
عراقی وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے بریگیڈیئر جنرل معید الصالح بغداد کے مرکزی ڈسٹرکٹ ’کرادہ‘ کے انسداد دہشت گردی شعبے کے سربراہ تھے۔ اہلکار کے مطابق دیگر ہلاک ہونے والے اہلکاروں میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک فرسٹ لیفٹیننٹ شامل ہیں۔ اس اہلکار کے مطابق حذیفہ البتاوی بھی فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک ہوگیا ہے۔
انسداد دہشت گردی کے اہلکار کے مطابق القاعدہ سے تعلق رکھنے والے عراقی گروپ کے سربراہ حذیفہ البتاوی کو گزشتہ برس 27 نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کے اہلکار اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد کسی ممکنہ حملے کے حوالے سے البتاوی سے تفتیش کررہے تھے کہ اس نے ایک فرسٹ لیفٹیننٹ سے بندوق چھین کر اسے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ اس کے بعد اس نے دیگر اہلکاروں کو یرغمال بناتے ہوئے اپنے ساتھیوں کو چھڑایا۔
البتاوی کی سربراہی میں یہ لوگ انسداد دہشت گردی کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل معید الصالح کے دفتر پہنچے اور انہیں سر میں گولی مار کر ہلاک کردیا۔ اس دوران ان لوگوں نے مزید اسلحہ اور گرینیڈ بھی اپنے قبضے میں لے لیے۔ ایک لیفٹیننٹ کرنل کو ہلاک کرنے کے بعد ان میں پانچ لوگوں نے پولیس کی ایک گاڑی میں جیل سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ تاہم اس سے قبل کہ وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوتے مزید سکیورٹی اہلکار وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے جوابی فائرنگ کے تبادلے میں البتاوی سمیت دیگر فرار ہونے والے باغیوں کو ہلاک کردیا۔
عراق میں موجود القاعدہ سے منسلک اس گروپ نے گزشتہ برس کے بغداد چرچ حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ 31 اکتوبر 2010ء کو ہونے والے اس حملے میں 60 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: عابد حسین