یورپ بھر کی سیر بذریعہ ٹرین: انٹر ریل کے پچاس سال
24 جولائی 2022حد نگاہ گھنے جنگلات، ہریالی، لہلاتے کھیت اور درختوں کا جھنڈ۔ یورپ کی سرزمین قدرت کی ان قیمتی نعمتوں سے سجی ہوئی ہے۔ صوفیا کلمپل ٹرین میں بیٹھی کھڑکی سے ان مناظر کو دیکھ رہی اور ان سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔ زمین کی اس قدر خوبصورت تزئین کا مشاہدہ ایک انوکھا احساس ہے۔ یورو ریل کے سفر کے بارے میں وہ کہتی ہے،'' ٹرین کا سفر ہوائی جہاز کے سفر سے کہیں زیادہ حقیقی ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر سفر کے دوران آپ باہر کی دنیا میں آنے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔‘‘ 22 سالہ صوفیا جو انٹر ریل کا سفر بہت شوق سے کیا کرتی ہے، کو جرمن شہر زاربروکن سے سلووینیا کے دارالحکومت لبُلیانا کا سفر کرنا ہے، قریب بارہ گھنٹے کی مسافت طے کرنا ہے۔ وہ بہت پُر جوش ہے۔
انٹر ریل کی پچاسویں سالگرہ
جرمن ریل ''ڈوئچے باہن‘‘ نے انٹر ریل کی پچاسویں سالگرہ پر مبارکباد کے پیغام میں اس ریلوے سروس کی خوبیاں یوں بیان کیں،'' آزادی، دوستی ،مہم جوئی‘‘ ۔ یونی انٹر ریل کا مطلب ہے پورے یورپ کی تسخیر۔ 1972 ء میں پہلی بار اس سروس کو ایک آزمائشی مہم کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔ جلد ہی انٹر ریل ٹکٹ نے خود کو تیزی سے یورپ میں ریل سروس کے شعبے کے ایک لازمی جُز کے طور پر منوالیا۔ اُس کے بعد سے تقریباً 10 ملین مسافر انٹر ریل پاس خرید چُکے ہیں۔ انٹر ریل ٹکٹ کی مدد سے یورپ کا سفر کرنے والے مسافر 33 یورپی ممالک کے دس ہزار سے زائد مقامات کا سفر کر سکتے ہیں۔ ان میں اٹلی، یونان اور ترکی کے مابین جہاز رانی کے راستے بھی شامل ہیں۔ انٹر ریل ٹکٹ کیساتھ سفر کا دورانیہ تین دن سے لے کر تین ماہ کے درمیان ہو سکتا ہے۔ اسی طرح ٹکٹ کی قیمت سفر کے دورانیے اور سفر کی منازل کی تعداد کے مطابق ہوتی ہے یا فرسٹ کلاس کے ٹکٹ کی قیمت کا بھی یہی حساب ہے۔ سب سے سستا انٹر ریل گلوبل پاس 185 یورو میں دستیاب ہے۔
یورپ ایکسپریس: یورپی ممالک کو ملانے والی برق رفتار ٹرینوں کا نظام
جنوبی یورپ پسندیدہ ترین مقام
انٹر ریل ٹکٹ دوران سفر ٹھرنے کی جگہ یا قیام کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔ یورپ میں جون سے ستمبر تک مسافر بہت زیادہ سفر کرتے ہیں۔ خاص طور پر سیاحت کے شوقین افراد جنوبی اور مغربی یا وسطی یورپی ممالک کا بہت سفر کرتے ہیں۔ اسی طرح اٹلی، فرانس اور اسپین کے ساحلی علاقوں پر چھٹیاں گزارنے والوں کی بہت بڑی تعداد انٹر ریل ٹکٹ کا استعمال کرتی ہے۔ مشکل ترین مقامات: یورپ کا بلند ترین ریلوے اسٹیشن
آب و ہوا کے لیے موافق سفر
انٹر ریل ٹکٹ لے کر یورپ بھر کا سفر کرنے والے مسافر آب و ہوا پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔ صوفیا کلمپل خود کو انٹر ریل کی بڑی پرستار کہتی ہیں۔ ان کے اندازوں کے مطابق انٹر ریل ٹکٹ کیساتھ سفر نسبتاً سستا تو ہوتا ہی ہے ساتھ ہی مسافر '' آب و ہوا کو نقصان نہیں پہنچانے کے خوشگوار احساس کیساتھ سفر کرتے ہیں۔‘‘ صوفیا کو تاہم دو چیزیں پریشان کن لگتی ہیں۔ ایک یہ کہ سفر کے پیک سیزن میں نظام الاوقات کی پلاننگ اکثر محدود ہوتی ہے اور اس میں لچک نہیں ہوتی سفر کی منصوبہ بندی کا عمل پیچدہ ہو جاتا ہے۔ دوسرا یہ کہ بعض اوقات سیٹ ریزرویشنز یا بُکننگ بہت مہنگی ہوتی ہے جو کہ انٹر ریل ایپ کے ذریعے نہیں کی جا سکتی۔
ریل سروس کی ایک خاتون ترجمان انٹر ریل کو زندگی کا ایک ایسا احساس قرار دیتی ہیں جس کا تعلق صرف نقل و حمل سے نہیں ہوتا۔ انٹر ریل ٹکٹ سفر کے تجربے کیساتھ ساتھ انسانوں کو ایک دوسرے سے قریب لانے کا ذریعہ ہے۔ ساتھ ہی اس کے استعمال سے انسانوں کی ماحول پسند زندگی گزارنے کی خواہش بھی پوری ہوتی ہے۔
پچاسویں سالگرہ کے موقع پر رعایات
رواں برس مئی کے مہینے میں اس سال انٹر ریل ٹکٹ سروس کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر 50 فیصد کی رعایت دی گئی تھی۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پانچ روز کے دوران مسافروں نے جتنی ٹکٹس آن لائن بُک کر وائیں اتنی تعداد میں اس سال کے شروع کے چار مہینوں میں ٹکٹ آن لائن بُک نہیں کیے گئے۔ جرمن ریلوے یا ڈوئچے باہن کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ پچاسویں سالگرہ کی پیشکش توقعات سے زیادہ کہیں زیادہ پُر کشش تھی۔
گرچہ ابتدائی طور پر انٹر ریل ٹکٹ کی پیشکش خاص طور سے نوجوانوں کے لیے تھی لیکن جلد ہی یہ تمام عمر کے باشندوں کے گروپوں کے لیے دستیاب ہو گئی۔ 11 سال سے کم عمر بچے مفت سفر کرتے ہیں۔ اس طرح اب بھی پورپ بھر میں انٹر ریل ٹکٹ کے 64 فیصد صارف نوجوان ہی ہیں۔
ک م/ ب ج) صوفی ڈسمونڈ(