1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوروگوائے میں کئی ٹن کوکین پکڑی گی، مالیت ایک بلین یورو

28 دسمبر 2019

جنوبی امریکی ملک یوروگوائے کی ایک بندرگاہ سے حکام نے ریکارڈ مقدار میں کوکین برآمد کر لی ہے۔ مغربی افریقی ملک ٹوگو بھیجی جانے والی اس کوکین کا وزن چار اعشاریہ چار ٹن اور مالیت تقریباﹰ ایک بلین یورو بتائی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3VQao
تصویر: Uruguay's Navy/AFP

ملکی حکام کے مطابق یہ کوکین ایک ایسے بحری جہاز پر لدی ہوئی تھی، جس کے ذریعے سویا کا آٹا مغربی افریقی ملک ٹوگو بھجوایا جا رہا تھا۔ جس وقت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے اس جہاز سے یہ کوکین برآمد کی، اس وقت یہ جہاز مونٹی ویڈیو کی بندرگاہ میں لنگر انداز تھا۔ یوروگوائے گزشتہ کافی عرصے سے جنوبی امریکا سے منشیات کی افریقہ اور یورپ کو اسمگلنگ کا ایک بڑا مرکز بن چکا ہے۔

یوروگوائے کی بحریہ اور کسٹمز حکام نے بتایا کہ یہ منشیات اس بحری جہاز میں ہزاروں پیکٹوں کی صورت میں چھپائی گئی تھیں اور حکام کو شک اس وقت پڑا جب اس کارگو شپ کے مختلف کنٹینرز کی اسکیننگ کے دوران ماہرین کو محسوس ہوا کہ ان میں سویا کے آٹے کے پیکٹوں کے نیچے کچھ اور بھی چھپایا گیا تھا۔

یوروگوائے میں آج تک پکڑی جانے والی سب سے زیادہ کوکین

یہ تقریباﹰ ساڑھے چار ٹن کوکین صرف ایک کنٹینر سے برآمد ہوئی۔ جہاز کے باقی تین کنٹینرز کھول کر ان کا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ اگر ان میں سے بھی کوکین برآمد ہوئی، تو ان منشیات کا مجموعی وزن 15 ٹن تک ہو سکتا ہے۔

Symbolbild: Paket mit Kokain
اس سال اگست میں جرمن شہر ہیمبرگ کی بندرگاہ سے بھی یوروگوائے سے آنے والے ایک جہاز سے تقریباﹰ 4.5 ٹن کوکین برآمد ہوئی تھیتصویر: picture-alliance/dpa/D. Reinhardt

اس کارروائی کے بعد یوروگوائے کی بحریہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، ''یہ کوکین یوروگوائے میں آج تک برآمد کی جانے والی اس نشہ آور مادے کی سب سے بڑی مقدار ہے۔ ٹنوں کے حساب سے اس کوکین کا ضبط کیا جانا یوروگوائے کی تاریخ میں منشیات کے اسمگلروں کو لگنے والا آج تک کا سب سے بڑا دھچکا ہے۔‘‘

منشیات ٹرکوں کے ذریعے بحری جہاز تک پہنچائی گئیں

ابتدائی تفتیش کے مطابق اس جہاز پر لدے سویا کے آٹے کو مغربی افریقی ملک ٹوگو میں لومے پہنچایا جانا تھا۔ اس جہاز پر لادے جانے کے لیے یہ برآمدی آٹا چند روز قبل یوروگوائے کے جنوب مغربی علاقے سوریانو کے ایک رینچ سے مونٹی ویڈیو کی بندرگاہ تک ٹرکوں کے ذریعے پہنچایا گیا تھا۔

ملکی کسٹمز حکام نے بتایا کہ وہ اس کوکین کی اسمگلنگ کے شبے میں سویا کا آٹا برآمد کرنے والی متعلقہ کمپنی کے مالک اور ان ٹرک ڈرائیوروں سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں، جنہوں نے یہ آٹا سوریانو سے مونٹی ویڈیو پہنچایا تھا، جہاں اسے اس بحری جہاز پر لادا گیا تھا۔

ہیمبرگ سے پکڑی جانے والی ساڑھے چار ٹن کوکین

اس سے قبل اسی سال اگست میں جرمنی کے شہر ہیمبرگ کی بندرگاہ سے بھی یوروگوائے سے آنے والے ایک بحری جہاز سے تقریباﹰ 4.5 ٹن کوکین برآمد ہوئی تھی۔ اس کوکین کی مالیت بلیک مارکیٹ میں 1.1 بلین امریکی ڈالر کے برابر بتائی گئی تھی۔

ہیمبرگ میں پکڑی جانے والی یہ کوکین 4200 ایسے پیکٹوں میں بند تھی، جو ایک کنٹینر میں چھپائے گئے 211 سپورٹس بیگز میں چھپائے گئے تھے۔ تب یہ جہاز بظاہر سویا کی پھلیاں لے کر ہیمبرگ کی بندرگاہ تک پہنچا تھا۔

انتہائی تیز نشہ آور مادہ سمجھی جانے والی کوکین کوکا کے پتوں سے تیار کی جاتی ہے۔ دنیا بھر میں ایسے کوکا پودوں کی پیدوار کے لیے جنوبی امریکا میں کولمبیا، پیرو اور بولیویا سب سے بڑے ممالک شمار ہوتے ہیں۔

م م / ا ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں