1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، میرکل

8 جون 2012

یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل نے واضح کیا ہے کہ یورپ مشترکہ کرنسی یورو کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

https://p.dw.com/p/15ANe
تصویر: dapd

چانسلر میرکل کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے اسپین کی ریٹنگ A سے کم کرکے BBB کردی ہے اور ایسے خدشات ابھر رہے ہیں کہ ہسپانوی حکومت بھی بیل آؤٹ پیکج کی مانگ کرسکتی ہے۔ محتاط اندازوں کے مطابق ہسپانوی بینکوں کو زیادہ سے زیادہ ایک سو ارب یورو کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

یورپ کے مالیاتی بحران کے پس منظر میں گزشتہ روز جرمن دارالحکومت برلن میں برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کی۔ برطانوی وزیر اعظم نے اس موقع پر یورو زون کے بجٹ خسارے سے متعلق اپنے خدشات سے جرمن چانسلر کو آگاہ کیا۔

ان سے قبل امریکی صدر باراک اوباما سمیت جاپانی اور کینیڈین قیادت بھی یورپ کے مالیاتی بحران پر یورپی رہنماوں کو اپنے خدشات سے آگاہ کرچکے ہیں۔ برطانیہ کو یورپ میں جامع بینکاری اور مالیاتی اتحاد کے قیام کی راہ میں ایک رکاوٹ تصور کیا جاتا ہے، جو یورو کرنسی استعمال نہیں کرتا۔ برطانیہ نے واضح کردیا ہے کہ وہ یورو زون کی بینکنگ یونین کا حصہ بننے کے لیے تیار نہیں۔

Symbolbild Spanien Euro
اسپین کی بگڑتی ہوئی مالیاتی صورتحال کے سبب اس کی کریڈٹ ریٹنگ کم کی گئی ہےتصویر: AP

جرمن چانسلر نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ مشکل صورتحال میں مدد کے لیے یورو زون میں میکانزم موجود ہیں اور جب اور جہاں ضرورت پڑی، جرمنی انہیں استعمال کرے گا۔ رواں ماہ کی 28 اور 29 تاریخ کو یورپی سمٹ شیڈیول ہے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اس کے متعلق جرمن چانسلر کا کہنا ہے کہ یورپ میں جامع مالیاتی اور بینکاری اتحاد کے قیام کا عمل فوری نہیں بلکہ اپنے وقت پر ہوگا۔

ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں جرمن چانسلر نے اپنے نظریے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سمٹ سے سب کچھ یکدم نہیں بدلے گا، ’’واحد کرنسی یورو استعمال کرنے والے ممالک کو سیاسی اعتبار سے ایک دوسرے کے زیادہ قریب آکر آگے بڑھنا ہوگا اور جو ساتھ چلنے کو تیار نہیں اس کے لیے نہیں رکا جائے گا‘‘۔ اقتصادی امور کے ماہرین کا اندازہ ہے کہ ایک جامع اتحاد کے قیام میں دس برس تک کا عرصہ لگ سکتا ہے اور اس کے لیے اقدامات اٹھانے سے متعلق بیانات سے مالیاتی منڈیوں پر مثبت اثرات پڑسکتے ہیں۔ جرمن چانسلر کے بقول یورو کرنسی استعمال کرنے والے موجودہ 17 ممالک سے بڑھ کر یورپ کو ایک سیاسی اتحاد کی ضرورت ہے۔

(sks/ ia (AFP