یاسر عرفات کی موت کی تحقیقات، فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے اظہار اطمینان
29 اگست 2012نوبل امن انعام یافتہ یاسر عرفات 2004ء میں پیرس میں انتقال کر گئے تھے۔ فلسطینی اتھارٹی کے وزیر انصاف علی موہانا نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ فرانسیسی عدالت کی طرف سے یہ فیصلہ دیرسے کیا گیا ہے تاہم یہ ’صحیح سمت کی طرف ایک درست قدم ہے‘۔
موہانا نے مزید کہا کہ یہ ایک اچھی بات ہے کہ یاسرعرفات کی موت کی وجوہات کا تعین کرنے کا فیصلہ فرانس کی ایک عدالت کی طرف سے کیا گیا ہے، کیونکہ یاسرعرفات کی موت پیرس کے ایک ہسپتال میں ہوئی تھی اس لیے وہ ان کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہو گی۔
فلسطینی اتھارٹی اسرائیل پر الزام عائد کرتی ہے کہ اس نے یاسر عرفات کو زہر دیا تھا۔ تاہم اسرائیلی حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی نے کہا ہے کہ وہ فرانسیسی عدالت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی تاکہ اس حوالے سے سچ منظر عام پر آ سکے۔ رملہ میں نیوز ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے اعلیٰ فلسطینی اہلکار صائب عریقات نے کہا: ’’ہم امید رکھتے ہیں کہ فرانس کی طرف سے کی جانے والی یہ تحقیقات سچ تک پہنچنے کی ہماری خواہش کی تکمیل کریں گی۔‘‘
یاسر عرفات کی بیوہ سوہا عرفات اور ان کی بیٹی زاورہ نے اکتیس جولائی کو پیرس کے نواح میں واقع ناتیر نامی علاقے میں ایک شکایت درج کروائی تھی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ یاسر عرفات کی موت تابکار مادے پلونیم کی وجہ سے ہوئی تھی۔ 75 برس کی عمر میں پیرس کے ایک فوجی ہسپتال میں انتقال کر جانے والے فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے گھر والوں نے کہا تھا کہ ’اس قتل‘ کے بارے میں عدالتی انکوائری کی جائے اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
اس کیس کے سلسلے میں یہ امر اہم ہے کہ گیارہ نومبر 2004 ء کو وفات پا جانے والے یاسر عرفات کا پوسٹ مارٹم نہیں کیا گیا تھا۔ طبی رپورٹ کے مطابق یاسر عرفات کی موت کی وجہ Blood Disorder کے نتیجے میں ہونے والا ایک اسٹروک بنا تاہم یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ ایڈز کے مریض تھے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ ڈاکٹر ان کی بیماری کے بارے میں حتمی طور پر کچھ تعین نہیں کر سکے تھے۔
ab / ng (dpa, AFP)