ہینوور میں دنیا کے سب سے بڑے صنعتی تجارتی میلے کا افتتاح
23 اپریل 2017شمالی جرمن صوبے لوئر سیکسنی کے دارالحکومت ہینوور سے اتوار تئیس اپریل کی شام ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق اس میلے کا باضابطہ افتتاح آج شام جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور پولینڈ کی خاتون وزیر اعظم بیاٹا شیڈلو نے مشترکہ طور پر کیا۔ پولینڈ اس مرتبہ پانچ روز تک جاری رہنے والی اس عالمی نمائش کا خصوصی پارٹنر ملک بھی ہے۔
مودی کے ہاتھوں جرمنی میں تجارتی میلے کا افتتاح
دنیا کا سب سے بڑا صنعتی میلہ: اس سال پارٹنر ملک بھارت
جرمنی میں دنیا کا سب سے بڑا صنعتی تجارتی میلہ آج سے
اپنی نوعیت کی یہ سب سے بڑی سالانہ عالمی نمائش ہینوور میں اس سال مجموعی طور پر 70 ویں مرتبہ منعقد کی جا رہی ہے اور اس نمائش کا اہم ترین موضوع وہ ’اِنٹیگریٹڈ انڈسٹری‘ ہے، جس میں بین الاقوامی سطح پر روبوٹس اب زیادہ سے زیادہ اہم اور متنوع کردار کے حامل ہوتے جا رہے ہیں۔
اس مرتبہ اس عالمی تجارتی میلے میں مختلف براعظموں میں بیسیوں مختلف ممالک سے آنے والے کُل ساڑھے چھ ہزار سے زائد صنعتی نمائش کنندہ ادارے حصہ لے رہے ہیں اور مجموعی طور پر اس میلے کو دیکھنے کے لیے آنے والے ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کی تعداد قریب دو لاکھ تک رہنے کی توقع ہے۔
یہ میلہ کل پیر کی صبح سے صنعتی شعبے کی اہم شخصیات پر مشتمل مہمانوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ 24 سے 28 اپریل تک جاری رہنے والے امسالہ ہینوور صنعتی میلے میں کُل نمائش کنندگان میں سے 40 فیصد اداروں کا تعلق جرمنی سے ہے جبکہ باقی ماندہ قریب 60 فیصد ادارے بیرونی دنیا سے آ کر یہاں اپنی اپنی صنعتی مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔