1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیلموٹ کوہل کی تدفین

عابد حسین
1 جولائی 2017

جرمنی کے مدبر سیاستدان ہیلموٹ کوہل کی رحلت سولہ جون کو ہوئی تھی۔ آج یکم جولائی کو انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ دفن کر دیا گیا۔ ان کے اعزاز میں خصوصی یادگاری تقریبات اسٹراس برگ اور اشپیئر میں منعقد کی گئیں۔

https://p.dw.com/p/2fm1s
Speyer Trauerfeierlichkeiten für Altkanzler Kohl
تصویر: picture-alliance/dpa/U. Anspach

ہیلموٹ کوہل کی آخری رسومات کی ادائیگی کے سلسلے میں آخری یادگاری تقریب جرمن وفاقی صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ کے چھوٹے مگر قدیمی و تاریخی شہر اشپیئر میں ادا کی گئیں۔ اس تقریب میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ہمراہ کئی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ ان میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن بھی شامل تھے۔ اِس خصوصی تقریب میں شرکت کے لیے نو سو مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

مسلسل بارش کے دوران جرمن اور غیر ملکی شخصیات اشپیئر کیتھیڈرل کے سامنے واقع صحن میں چھتریاں لیے کھڑے رہے۔ اس کے علاوہ ہزاروں افراد اُس سڑک پر بھی موجود تھے، جہاں سے اُن کا تابوت گزر کر مقامی قبرستان کی جانب گیا۔

Straßburg Trauerfeierlichkeiten European Parliament Holds Helmut Kohl Memorial
انگیلا میرکل سابق چانسلر ہیلموٹ کوہل کے تابوت کو تعظیم پیش کرتے ہوئےتصویر: Getty Images/S. Gallup

اشپیئر کے تاریخی گرجا گھر کے باہر جرمن فوج کے خصوصی بینڈ نے سوگوار دھنیں بھی بجائیں اور جب جرمنی کا قومی ترانہ بجایا گیا تو رحلت پا جانے والے چانسلر ہیلموٹ کوہل کے اعزاز میں قومی پرچم کو بھی سرنگوں کر دیا گیا۔ جرمن قومی ترانہ بجانے کے بعد فوج کے جوانوں نے ہیلموٹ کوہل کا تابوت پروقار انداز میں ایک گاڑی میں منتقل کیا اور یہ خصوصی کار تابوت لے کر روانہ ہو گئی۔

اشپیئر منعقدہ تقریب سے جب تابوت روانہ ہوا تو اُس موقع پر تاریخی کیتھیڈرل میں نصب خصوصی شاہی گھڑیال کو کچھ دیر مسلسل بجایا گیا۔ رومن سلطنت کے آٹھ بادشاہوں کی رحلت پر بھی یہی تاریخی گھڑیال بجایا گیا تھا۔

Speyer Dom Trauerfeierlichkeiten für Altkanzler Kohl
مرحوم سابق چانسلر کی آخری یادگاری تقریب اشپیئر کیتھیڈرل کے باہر ادا کی گئیتصویر: picture-alliance/dpa/U. Anspach

کوہل کے صاحبزادوں نے اشپیئر کیتھیڈرل میں منعقد کی گئی یادگاری تقریب اور وہیں دفن کرنے سے اختلاف کرتے ہوئے شرکت نہیں کی۔ ان کی خواہش تھی کہ اُن کے والد کو لُڈوِگ ہافن میں اُن کی والدہ ہینےلور کوہل کے پہلو میں دفن کیا جائے، جو کافی عرصہ قبل رحلت پا گئی تھیں۔ کوہل کے تابوت کو ایک نجی دعائیہ تقریب کے بعد خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں قبر میں اتار دیا گیا۔

قبل ازیں فرانسیسی شہر اسٹراس برگ میں سابق جرمن چانسلر ہیلموٹ کوہل کی یاد میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اسٹراس برگ منعقدہ تقریب میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے علاوہ روسی وزیراعظم دیمتری میدویدیف، فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں اور یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر خاص طور پر نمایاں تھے۔ اس تقریب میں جرمن سیاستدان کو انتہائی شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اسٹراس برگ میں منعقد ہونے والی یادگاری تقریب دو گھنٹے تک جاری رہی۔ فرانسیسی پارلیمنٹ کے حامل شہر میں کوہل کے تابوت کو یورپی یونین کے نیلے جھنڈے میں لپیٹ کر رکھا گیا تھا۔

Ludwigshafen Überführung des Sarges von Altkanzler Kohl nach Speyer
ہیلموٹ کوہل کے تابوت کو لُڈوِگ ہافن سے اشپیئر ایک کشتی کے ذریعے منتقل کیا گیاتصویر: picture-alliance/AP Photo/U. Anspach

اس تقریب کے بعد سابق جرمن چانسلر کے تابوت کو ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے اُن کے آبائی شہر لُڈوِگ ہافن منتقل کیا گیا۔ لُڈوگ ہافن سے اُن کے تابوت کو ایک کشتی کے ذریعے اشپیئر لے جایا گیا۔ کوہل کو اس شہر سے خاص انسیت تھی۔ دوسری عالمی جنگ کے دورانٓ ایک ٹین ایجر کے طور پر انہیں اسی شہر میں فضائی بمباری کے ایام میں پناہ ملی تھی۔ اشپیئر ہی کے تاریخی اور باوقار کیتھیڈرل کے ساتھ بھی وہ بہت زیادہ مانوس تھے اور انہی وجوہات کی بنیاد پر انہیں اشپیئر میں دفن کیا گیا۔

ہیلموٹ کوہل سن 1982 سے لے کر سن 1998 تک سابقہ مغربی جرمنی اور پھر متحدہ جرمنی کے چانسلر رہے۔ انہیں کے دور میں منقسم جرمنی کا اتحاد ہوا تھا۔