1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گیرہارڈ شروئڈر روسی کمپنیوں سے مستعفی ہو جائیں، جرمن چانسلر

4 مارچ 2022

جرمن چانسلر اولاف شولس نے سابق چانسلر گیرہارڈ شروئڈر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روسی کمپنیوں سے مستعفی ہو جائیں۔ سابق جرمن چانسلر شروئڈر کے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے برسوں کے تعلقات ہیں۔

https://p.dw.com/p/480ax
Schröder und Putin Umarmung
تصویر: Yuri Kochetkov/epa/dpa/picture-alliance

سابق جرمن چانسلر گیرہارڈ شروئڈر روسی حکومت کی انرجی کمپنیوں کے انتظامی بورڈز میں اعلیٰ حیثیت کے حامل ہیں۔ ستتر سالہ شروئڈر روسی صدر پوٹن اور کریملن کے کاروباری حلقے کے ساتھ دیرینہ بزنس رفاقت رکھتے ہیں۔

چانسلرشپ کے بعد انگیلا میرکل کی مصروفیات کیا ہوں گی؟

وہ روس کے توانائی کے بڑے ادارے 'روس نیٹ‘ کے سپروائزری بورڈ کے سربراہ بھی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کسی حد تک متنازعہ خیال کیے جانے والے قدرتی گیس کی فراہمی کے منصوبوں نارتھ سٹریم ون اور نارتھ سٹریم ٹو کے نگران بورڈز میں بھی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

جرمنی میں شروئڈر کے روسی صدر پوٹن اور روسی انرجی کمپنیوں سے تعلقات پر گہری تشویش پائی جاتی ہے اور اب تنقید بھی کی جا رہی ہے۔ یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے کسی حد تک جرمن سیاسی اور سماجی حلقے اس تعلق پر ندامت بھی محسوس کرتے ہیں۔

Deutschland Wladimir Putin in Hamburg
دسمبر سن 2004 میں ولادیمیر پوٹن اور گیرہارڈ شروئڈر ہیمبرگ کے اٹلانٹک ہوٹل میںتصویر: A. Panov/AFP//Getty Images

چانسلر شولس کا بیان

جرمن پبلک ٹیلی وژن زیڈ ڈی ایف پر ایک بیان دیتے ہوئے وفاقی چانسلر اولاف شولس نے کہا کہ ان کے خیال میں اب یہ مناسب نہیں رہا کہ گیرہارڈ شروئڈر ان مناصب پر فائز رہیں اور یہ صحیح ہو گا کہ وہ یہ عہدے چھوڑ دیں۔

شولس نے اس امر پر زور دیا کہ ایک عام شہری کے طور پر بھی انہیں ان عہدوں سے علیحدگی اختیار کر لینا چاہیے۔ موجودہ جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ شروئڈر جرمنی کے سابق سربراہِ حکومت ہیں اور موجودہ حالات میں ان کے کاروباری تعلقات کی اہمیت ان کی شخصیت سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔

سابق جرمن چانسلر شروئڈر کی حیثیت پوٹن کے پیادے کی سی ہے، ناوالنی

اولاف شولس نے مزید کہا کہ کسی دفتر کو چھوڑ دینے کے بعد بھی ذمہ داریاں ختم نہیں ہو جاتیں بلکہ ان کا احترام باقی رہتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں یقین ہے کہ شروئڈر کے قریبی احباب انہیں اس مناسبت سے کوئی بہتر فیصلہ کرنے کا قائل کر لیں گے۔

Bundeskanzler Scholz zu Gast bei Maybrit Illner
جرمن چانسلر اولاف شولستصویر: Svea Pietschmann/dpa/ZDF/picture alliance

گیرہارڈ شروئڈر

سن 1998 سے سن 2005 تک گیرہارڈ شروئڈر جرمنی کے چانسلر تھے۔ ان کے بعد اس منصب پر سن 2005 کے وفاقی انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے انگیلا میرکل براجمان ہوئی تھیں۔

چانسلر کے منصب کو چھوڑنے کے بعد شروئڈر نے سن 2006 میں نارتھ سٹریم گیس پائپ لائن پراجیکٹ میں اہم منصب سنبھالا تھا۔ شروئڈر کے چار ساتھی رواں ہفتے کے اوئل میں اپنے اپنے عہدوں کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ جرمن فٹ بال کلب بوروسیا ڈورٹمنڈ نے بھی شروئڈر کی اعزازی رکنیت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

Deutschland Gerhard Schršöder und Wladimir Putin
سن 2004 میں روسی صدر پوٹن اور سابق جرمن چانسلر گیرہارڈ شروئڈر ہینوور میںتصویر: H. Hollemann/dpa/picture alliance

جرمنی کے لیے روسی گیس

نارتھ سٹریم ٹو گیس پائپ لائن پراجیکٹ بحیرہ بالٹک کے پانیوں  کے نیچے بچھایا گیا ہے اور یہ یوکرین کو منفی کرتے ہوئے براہ براست گیس جرمنی کو پہنچانے کا منصوبہ ہے۔

’سابق جرمن چانسلر شروئڈر روس کے لیے لابی کرتے ہیں‘

یہ منصوبہ مکمل ہو چکا ہے لیکن اس کے ذریعے جرمنی کو گیس کی فراہمی ابھی شروع نہیں ہوئی۔ اس وقت بھی جرمنی کو قدرتی گیس کی ترسیل نارتھ سٹریم ون پائپ لائن سے کی جا رہی ہے۔

ع ح / م م (ڈی پی اے، اے پی، اے ایف پی)