1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گلیمرس یورپی رکن پارلیمنٹ راشدہ دتی پھر خبروں میں

28 ستمبر 2010

گلیمر اور لَو افیئر کے لئے شہرت رکھنے والی یورپین رُکن پارلیمنٹ راشدہ دتی ایک مرتبہ پھر خبروں میں ہیں۔ تاہم اس مرتبہ انہوں نے کچھ کیا نہیں بلکہ کچھ کہہ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PO8e
راشدہ دتیتصویر: picture-alliance/dpa

فرانس کی سابق وزیر انصاف راشدہ دتی ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں افراط زر پر بات کر رہی تھیں۔ وہ بہت تیزی سے گفتگو کر رہی تھیں، جس کی وجہ سے ان کی زبان پھسلی اور ایک نکتے سے ’محرم بن گیا مجرم۔‘ اس کے تھوڑی ہی دیر بعد انٹرنیٹ پر ان کی ویڈیو گردش کرنے لگی۔

انہوں نے Canal Plus ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے دراصل کہا، ’بعض بیرونی سرمایہ کاری کے فنڈز ایسے وقت میں 20 سے 25 فیصد کا منافع حاصل کرنے کے خواہاں ہوتے ہیں، جب انفلیشن (افراطِ زر کی شرح) صفر کے قریب ہے۔‘

راشدہ دتی نے گفتگو کی تیزی کے باعث اپنے اس جملے میں انفلیشین کے بجائے فرانسیسی لفظ فلیشن استعمال کر دیا، جو جنسیات سے متعلق ہے نہ کہ مالیات سے۔

یہ ویڈیو کلپ سب سے پہلے فرانسیسی ویب سائٹ Lepost.fr نے پوسٹ کیا، جہاں اسی دن ایک لاکھ سے زائد مرتبہ یہ ویڈیو دیکھی گئی۔ بعدازاں یہ ویڈیو یوٹیوب سمیت دیگر متعدد ویب سائٹس پر پوسٹ کر دی گئی۔

بعدازاں وہ خود بھی اپنے اس جملے سے محظوظ ہوتی دکھائی دیں۔ انہوں نے ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا کہ وہ بہت تیزی میں ایسا بول گئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا، ’مجھے خوشی ہے کہ میں نے لوگوں کو ہنسنے کا موقع دیا ہے۔‘

راشدہ دتی گزشتہ برس اپنے منیجمنٹ سٹائل، ڈیزائنر ڈریسز اور رومانوی زندگی کے بارے میں چہ میگوئیوں پر حکومت سے علیحدٰہ ہو گئی تھیں۔ انہیں ایک فیشن میگزین کے کَور کی زینت بننے پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور یہ کہا گیا کہ ایک سینئر وزیر کو ایسی سرگرمیاں زیب نہیں دیتیں۔ خیال رہے کہ راشدہ دتی پیرس کے ایک علاقے کی میئر بھی ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں