1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روسی فوج کا مولیٹوپول شہر پر قبضے کا دعویٰ

26 فروری 2022

روسی فوج نے مولیٹوپول شہر پر قبضہ کرلینے کا دعویٰ کیا ہے، دوسری طرف لڑائی اب کییف کی سڑکوں پر بھی ہورہی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے لوگوں سے اپنے اپنے گھروں میں ہی رہنے کو کہا ہے۔

https://p.dw.com/p/47dWt
Ukraine-Konflikt | Rauch und Flammen steigen während des Beschusses in der Nähe von Kiew auf
تصویر: Gleb Garanich/REUTERS

روسی خبر رساں ایجنسی انٹرفیکس  نے روس کی وزارت دفاع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ روسی فوج نے جنوبی صوبے زیپوریزا کے مولیٹوپول شہر پر قبضہ کرلیا ہے۔ اس شہر کے قریب ہی ایک اہم بندرگاہ واقع ہے۔

 یوکرائن کا کہنا ہے کہ روس کے 3500 فوجی مارے گئے اور 200 کو قیدی بنالیا گیا ہے۔ یوکرائنی فوج نے روس کے 14طیاروں، آٹھ ہیلی کاپٹروں اور 1202 ٹینکوں کوتباہ کردینے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ تاہم ان کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

یوکرائن کی فوج نے بتایا کہ شہر کے مغرب میں واقع ایک فوجی یونٹ کے قریب بھی لڑائی ہورہی ہے۔ حکام نے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے گھروں میں کھڑکیوں اور بالکونی کے قریب نہ جائیں اور ملبے اور گولیوں سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

یوکرائن کے میئر وٹالی کلسچکوف نے بتایا کہ کییف میں ایک بڑے پاور پلانٹ کے قریب، جس پر روسی حملہ کرنے کی کوشش کررہے تھے، ہونے والے دھماکوں سے پورا علاقہ لرز گیا۔

یوکرائنی صدر کے ایک مشیر نے بتایا کہ جنوبی یوکرائن کے قریب مولیٹوپول، خیرسون، مائیکولیف اور اوڈیسا شہروں میں بھی لڑائی شروع ہوگئی ہے۔

صدر کے مشیر مائیخیلو پوڈولیاک نے بتایا،"مولیٹوپول کے قریب زبردست لڑائی ہورہی ہے۔ لیکن اس پر قبضہ کرلیے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔"

دارالحکومت کییف پر روسی فوج کا حملہ دو دن سے جاری لڑائی کے بعد کیا گیا۔ اس دوران اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ درجنوں پل، اسکول اور رہائشی عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں۔

Ukraine-Konflikt - Präsident Selenskyj
 زیلینسکی نے ملک سے محفوظ طور پر انہیں باہر نکال لینے کی امریکا کی پیش کش مسترد کردیتصویر: Uncredited/Ukrainian Presidential Press Office/AP/dpa/picture alliance

یوکرائنی صدر کا آخری وقت تک لڑنے کا عزم

یوکرائن کے صدر ولاوومیر زیلینسکی نے کییف میں لڑائی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اس سے قبل رات گئے انہوں نے متنبہ کیا تھا کہ روس آئندہ گھنٹوں میں دارالحکومت کییف پر حملہ آور ہو گا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دارالحکومت کییف کو نہیں کھو سکتے، آزادی کے لیے آخری وقت تک لڑیں گے۔

 زیلینسکی نے ملک سے محفوظ طور پر انہیں باہر نکال لینے کی امریکا کی پیش کش مسترد کردی۔ ایک سینئر امریکی انٹلیجنس افسر کے مطابق زیلینسکی کا کہنا تھا،"یہاں لڑائی ہورہی ہے، مجھے ہتھیاروں کی ضرورت ہے، کسی سواری کی نہیں۔"

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرائن کی موجودہ حکومت کو ہٹا کر اس کی جگہ اپنی پسند کی حکومت قائم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔ اور صدر پوٹن کا یہ اقدام سرد جنگ کے دور کے بعد دنیا کا ایک نیا نقشہ مرتب کرنے کی ان کی کوشش کا حصہ ہے۔

عالمی برادری صدر پوٹن کے اس اقدام کو روکنے کی کوشش کررہی ہے اور اس کے تحت روس پر کئی طرح کی پابندیوں کے علاوہ خود پوٹن اور ان کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف پر بھی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

Ukraine-Konflikt - Kiew
اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ درجنوں پل، اسکول اور رہائشی عمارتیں تباہ ہوچکی ہیںتصویر: Ukrainian Police Department Press Service/AP/picture alliance

یوکرائن کا روسی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

روسی فوج کی پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے۔ روس نے جمعے کے روز جنوبی یوکرائن کے میلیٹوپول شہر پر قبضہ کرلینے کا دعویٰ کیا۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یوکرائن کا کتنا علاقہ یوکرائنی حکومت کے کنٹرول میں ہے اور کتنے علاقے روسی فورسز کے قبضے میں جا چکے ہیں۔

اس دوران یوکرائن کی فوج نے کییف سے 25کلومیٹر دور جنوب میں واسلکیف کے نزدیک ایک روسی ٹرانسپورٹ طیارے کو مار گرانے کا دعوی کیا ہے۔ ایک سینئر امریکی انٹلیجنس افسر نے اس کی تصدیق کی ہے۔ بہرحال یہ واضح نہیں ہے کہ اس طیارے پر کتنے افراد سوار تھے۔ ٹرانسپورٹ طیارے 125پیرا ٹروپرز تک لے جاسکتے ہیں۔

کییف سے 50کلومیٹر دور بلاسرکا میں بھی ایک اور روسی ٹرانسپورٹ طیارے کو مار گرائے جانے کی خبر ہے۔ امریکی انٹلیجنس افسران نے اس کی تصدیق کی ہے۔

روسی فوج نے اپنے طیاروں کو مار گرائے جانے کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

دریں اثنا اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے موجودہ صورتحال پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا،"اقوام متحدہ کا قیام جنگ کو ختم کرنے کے لیے ہوا تھا لیکن آج اس کا یہ مقصد حاصل نہیں ہوسکا۔"

ج ا/ ب ج  (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)

روسی عوام بھی روسی جنگ کے خلاف

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں