1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینیڈا میں مشتبہ شہریوں کے خلاف تفتیش

ندیم گِل9 اکتوبر 2014

کینیڈا نے شام اور عراق سمیت جنگ زدہ علاقوں سے حال ہی میں وطن لوٹنے والے اپنے اسّی شہریوں اور رہائیشوں پر دہشت گرد گروہوں کے ساتھ روابط رکھنے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DSK5
تصویر: Reuters

حکام نے کہا ہے کہ مشتبہ افراد کینیڈا کی سرزمین پر دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کے منصوبے بنا رہے تھے۔ ان پر شام اور عراق میں لڑنے والی اسلامی ریاست کے ساتھ کام کرنے کا الزام ہے۔

کینیڈا کے پبلک سیفٹی منسٹر اسٹیون بلینی نے کہا ہے: ’’یہ خطرناک افراد دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اور یہ کینیڈا کے قانون کا احترام کرنے والے شہریوں کے لیے سنجیدہ خطرہ بنے ہوئے ہیں۔‘‘

یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے جب دو روز قبل (منگل کو) کیینڈا کی پارلیمنٹ نے ووٹنگ کے ذریعے عراق میں اسلامی ریاست کے شدت پسندوں کے خلاف جاری فضائی حملوں کی مہم میں شمولیت کی منظوری دی ہے۔

اسّی مشتبہ افراد پر کینیڈا کے قانون کی خلاف ورزی کا الزام ہے جس کے تحت بیرون ملک دہشت گردی کی کارروائیوں میں حصہ لینا جرم ہے۔

بلینی نے بتایا: ’’اب رائل ماؤنٹڈ کینیڈین پولیس ان سے تفتیش کر رہی ہے جو انہیں سلاخوں کے پیچھے لے جانا چاہے گی جو ان کی اصل جگہ ہے۔‘‘

انہوں نے اسلامی ریاست کے جہادیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ’’جو اس وحشی گروہ کا ساتھ دیتے ہیں، انہیں کینیڈا کے قانون کا سامنا کرنا ہو گا۔‘‘

بلینی نے مزید بتایا کہ پچاس دیگر افراد پر بھی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہے جو اس وقت بیرون ملک ہیں۔

Syrien US Kampfjet Jet US Air Force F-15E IS Luftangriff
عراق اور شام میں جہادیوں پر امریکی قیادت میں فضائی حملے جاری ہیںتصویر: picture alliance/dpa/Matthew Bruch

کینیڈیئن سکیورٹی انٹیلی جنس سروس کے ڈائریکٹر مِشل کولومب کا کہنا ہے کہ تمام مشتبہ افراد عراق اور شام سے ہی نہیں لوٹے اور ان پر آئی ایس کے علاوہ متعدد گروہوں سے منسلک ہونے کا الزام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان، یمن اور لبنان کے علاوہ کئی دیگر علاقوں میں کینیڈا کے شہری یا رہائشی موجود ہیں جو دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ ان کارروائیوں میں فنڈز جمع کرنا یا پروپیگنڈا کرنا شامل ہو سکتا ہے۔ کینیڈا نے چھ فائٹر طیاروں اور دیگر عسکری طیاروں کے ساتھ چھ سو افراد پر مشتمل عملہ عراق بھیجنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

امریکی انٹیلیجنس اندازوں کے مطابق اسّی ملکوں سے پندرہ ہزار غیرملکی فائٹرز شام میں جہادیوں سے جا ملے ہیں۔ خیال رہے کہ اسلامی ریاست کے جہادی شام اور عراق میں کئی علاقوں پر قبضہ کر چکے ہیں۔ وہ اپنے زیر قبضہ علاقوں میں خودساختہ ریاست کا اعلان کر چکے ہیں۔