کیا ڈانس پر پابندی فن و ثقافت پر حملہ ہے ؟
15 مارچ 2018نیوز ایجنسی ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق پنجاب اسمبلی میں تعلیمی اداروں میں ڈانس پارٹیوں پر پابندی عائد کرنے کی قرار داد اکثریتی وٹوں سے رواں ہفتے ہی منظور کی۔ سیاست دانوں کی رائے میں ڈانس کے ذریعے مغربی ثقافت کو فروغ دیا جا رہا تھا۔ تاہم اس قرار داد کے پاس ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ حکومت اس پر عمل در آمد بھی کرے تاہم حکومت کو اراکین صوبائی اسمبلی کی طرف سے اس معاملے پر ایک زور دار تجویز ضرور دی گئی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے ممبر شیخ اعجاز جو اسمبلی رکن بھی ہے، کا کہنا ہے کہ انہیں والدین کی جانب سے شکایتیں موصول ہوئی تھیں کہ لڑکے اور لڑکیاں مل کر ڈانس کرتے ہیں جو کہ اسلامی اقدار کے خلاف ہے۔
اس قرارداد کو معاشرے کے مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ٹوئٹر کے ایک صارف نے لکھا،’’ تعلیمی اداروں میں ڈانس پر پابندی عائد کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور اس کے ذریعے انتہا پسند سوچ رکھنے والے ووٹروں کو اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
پاکستان کے انگریزی اخبار ڈان نے اپنے ایک اداریے میں لکھا ہے،’’ اسکولوں میں ڈانس پر پابندی عائد کرنا فن و ثقافت پر حملہ ہے۔ اس اداریے میں مزید لکھا گیا ہے کہ پاکستان کے بچے مشکل حالات کے باعث بہت جلدی بڑے ہونے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ اپنے جذبات کا اظہار نہ کر پا کر کیا وہ پہلے سے زیادہ محفوظ ہو جائیں گے ؟
تھیٹر ڈائریکٹر اور سرگرم کارکن نعیمہ این بٹ نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو میں کہا ہے کہ رقص محبت کے اظہار کا ایک آلہ ہے، جو بہت سے لوگوں کے لیے نئی راہیں بھی کھولتا ہے۔ انہوں نے فن کی اس صنف کو ایک تیز دھار چھری کے مانند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’چھری سے کسی کا گلہ بھی کاٹا جا سکتا ہے اور پھل بھی۔ لیکن اس کا انحصار اس کے استعمال پر ہے۔ رقص بھی اسی طرح ہے، اسے اچھے مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے اور برائی کے لیے بھی۔‘‘
ب ج/ ع ب، ایسوسی ایٹیڈ پریس