1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’کون محمد علی؟ کوئی باکسر مجھ سے بہتر نہیں‘، فلائیڈ مے وَیدر

امجد علی23 اپریل 2015

امریکی باکسر فلائیڈ مے وَیدر نے اپنے ایک بڑے مقابلے سے پہلے اپنے ایک تازہ انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ نہ صرف اُتنا اچھا ہے، جتنا کہ محمد علی تھا بلکہ وہ باکسنگ ورلڈ کے ’عظیم ترین‘ باکسر سے بھی بہتر ہے۔

https://p.dw.com/p/1FDPc
Bildergalerie Floyd Mayweather
امریکی باکسر فلائیڈ مے وَیدرتصویر: Getty Images/Al Bello

دنیا بھر کے باکسنگ شائقین کی نظریں امریکی شہر لاس ویگاس پر ہیں، جہاں دو مئی کو فلائیڈ مے وَیدر کا مقابلہ فلپائن کے سپر سٹار باکسر مَینی پکیاؤ کے ساتھ ہونے والا ہے۔ اس مقابلے سے چند روز پہلے بدھ بائیس مئی کو ایک ٹیلی کانفرنس میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے مے وَیدر نے کہا کہ اُس کا ہر طرح کی خامیوں سے پاک کیریئر اور مقابلوں کا اب تک کا ریکارڈ اُس کے دعوے کو درست ثابت کرنے کے لیے کافی ہے۔

Muhammed Ali Training Modemarke Londsdale
امریکی باکسر محمد علی اپنے دورِ جوانی میںتصویر: Lonsdale Deutschland

مے وَیدر نے کہا:’’مَیں یہ محسوس کرتا ہوں کہ اس کھیل میں مَیں نے اُتنا ہی کچھ حاصل کیا ہے، جتنا کہ ’علی‘ نے کیا تھا۔ کسی بھی شخص کے لیے میرے جیسا ہونا مشکل ہو گا، دیکھیے، مَیں اڑتیس سال کی عمر میں بھی کتنا تیز اور طاقتور ہوں۔ مَیں ’علی‘ کے احترام میں کمی نہیں کرنا چاہتا لیکن مجھے لگتا ہے کہ مَیں بہترین ہوں۔‘‘

مے وَیدر نے اس امر کی طرف بھی اشارہ کیا کہ محمد علی تو اور باکسرز کے ساتھ ساتھ 1978ء میں لیون سپنکس جیسے باکسر سے بھی ہار گیا تھا جبکہ اُس کا ریکارڈ پرفیکٹ ہے کہ سینتالیس مقابلوں میں حصہ لیا، تمام کے تمام جیتے، ایک بھی نہیں ہارا:’’سیدھی بات تو یہ ہے کہ محمد علی لیون سپنکس سے ہارے، کچھ دیگر باکسرز سے بھی شکست کھائی اور ا ُس کے باوجود اُسے ’دی گریٹیسٹ‘ کہا جاتا ہے۔‘‘

Boxer Floyd Mayweather und Manny Pacquiao
فلپائن کے سپر سٹار باکسر مَینی پکیاؤ امریکی باکسر فلائیڈ مے وَیدر کے ساتھ، دونوں باکسرز کا مقابلہ دو مئی کو لاس ویگاس میں ہو گاتصویر: picture-alliance/dpa/J. Alcorn

فلائیڈ مے وَیدر اور مَینی پکیاؤ دونوں ویلٹر ویٹ کے شعبے میں چپمپئن ہیں اور دو مئی کو اِن دونوں کے مقابلے سے منتظمین کو چار سو ملین ڈالر کی ریکارڈ آْدنی حاصل ہونے کی توقع ہے۔

مے وَیدر نے اپنے ’عظیم ترین‘ ہونے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ اور تو اور وہ پکیاؤ کے وطن فلپائن میں بھی بہت مقبول ہے اور باکسنگ کے فلپینی شائقین بھی مقابلے کے روز پکیاؤ کی بجائے اُس کی حوصلہ افزائی کر رہے ہوں گے۔ اس مقابلے کے لیے مے وَیدر کو ایک سو ملین ڈالر دیے جائیں گے۔

فلپائن میں پکیاؤ کو ایک ہیرو کی سی حیثیت حاصل ہے۔ باکسر کے طور پر بے پناہ کامیابی سے پہلے اُس نے سڑکوں پر کام کیا لیکن باکسنگ کے شعبے میں کامیابی نے اُس پر سیاست، موسیقی اور فلم کے بھی دروازے کھول دیے۔