1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیات

کورونا نے یورپ کے معاشی مسائل کو کھول کر رکھ دیا

7 جولائی 2020

یورپی کمیشن کے مطابق یورپ میں کورونا کے معاشی نقصانات توقع سے کہیں زیادہ خطرناک ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/3ev42
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Reinhardt

تازہ اعدادو شمار کے مطابق سن دو ہزار بیس میں کساد بازاری توقع سے زیادہ گہری ہو گی اور اگلے سال آہستہ آہستہ بہتری آنا شروع ہو گی۔ 

ماہرین کے مطابق لاک ڈاؤن اور سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات کے اثرات سے نکلنے کا راستہ ابھی پوری طرح واضح نہیں۔ بعض ممالک بہتر انداز میں نقصانات جھیل پائیں گے جبکہ کچھ ملکوں کو ان سے نکلنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔

یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی کے بارے میں خیال ہے کہ اسے اگلے سال تک اپنی معیشت دوبارہ اٹھانے میں بہت زیادہ مشکل نہیں ہو گی۔ لیکن اسپین، اٹلی اور فرانس شاید جزوی طور پر ہی اپنی معیشت بحال کر پائیں۔

حکام کے مطابق یورپ نے اس بحران سے نمٹنے کے لیے اب تک جو بھی اقدامات کیے ہیں، ان سے لوگوں کی تکالیف کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس چیلنج نے خطے میں موجود عدم تحفظ، عدم مساوات اور اختلافات کو بھی کھول کر رکھ دیا ہے۔   

   

Deutschland Corona-Pandemie Symbolbild Mundschutz falsch getragen
تصویر: Imago Images/M. Weber

ماہرین کے مطابق ان حالات میں انتہائی ضروری ہے کہ معیشت کی بحالی کے لیے یورپی کمیشن کے طرف سے مجوزہ اقدامات پر جلد اتفاق ہو تاکہ معیشت میں پیسہ چلنا شروع ہو اور لوگوں کا کچھ اعتماد بحال ہو۔

یورپی کمیشن کے مطابق خطے کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج بیروزگاری، یورپ اور برطانیہ کے تعلقات کی غیریقینی اور امریکا میں وبا کی بے قابو  صورتحال ہے۔    

رپورٹ کے مطابق یورو زون کے انیس ممالک میں اس سال جی ڈی پی یا مجموعی داخلی پیداوار آٹھ عشاریہ سات فیصد سکڑنے کا امکان ہے۔ اس سے پہلے مئی میں خیال تھا کہ یہ معاشی گراوٹ سات عشاریہ سات فیصد تک ہو گی۔ اسی طرح یورپی یونین کے ستائیس ممالک میں معیشت آٹھ عشاریہ تین فیصد سکڑنے کا امکان ہے۔

حکام کے مطابق اگر خطے میں کورونا کی کوئی دوسری بڑی لہر آئی اور دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑا تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

ش ج / ا ا (ڈی پی اے، اے ایف پی)