1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کنفیڈریشن کپ میں جیت، جرمن فٹ بال کا ’مستقبل تابناک‘

3 جولائی 2017

عالمی چیمپیئن جرمن قومی فٹ بال ٹیم نے کوپا امریکا کی فاتح چلی کی ٹیم کو ایک صفر سے مات دے کر کنفیڈریشن کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ جرمنی نے پہلی مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

https://p.dw.com/p/2fny3
Fußball Chile v  Deutschland - FIFA Confederations Cup Russia 2017 - Finale
تصویر: Reuters/G. Dukor

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ دو جون بروز اتوار کی رات روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں کھیلے گئے اس فائنل میچ میں جرمنی اور چلی کی ٹیموں کے مابین جاندار مقابلہ ہوا اور دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ تاہم میچ کا واحد گول پہلے ہاف میں جرمن کھلاڑی لارس شٹینڈل نے کیا، جو فیصلہ کن ثابت ہوا۔

کفیڈریشن کپ کے فائنل سے قبل ہی جرمن ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے کہہ دیا تھا کہ جس مقصد کے ساتھ وہ اپنی ٹیم کو لے کر روس پہنچے تھے، وہ حاصل کر لیا گیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ کفیڈریشن کپ میں شرکت کرنے والی جرمن ٹیم میں متعدد اسٹار کھلاڑی شامل نہیں کیے گئے تھے۔ تاہم جن نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا، انہوں نے خود کو بہترین طریقے سے منوانے کی کوشش کی۔

جرمن کوچ لووو کے مطابق آئندہ عالمی کپ سے قبل سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے جبکہ اس دوران نوجوان ابھرتے ہوئے جرمن کھلاڑٰیوں کو عالمی سطح پر خود کو منوانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ جرمن ٹیم میں زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع دستیاب ہو سکے تاکہ مستقبل میں نوجوان کھلاڑیوں کی کمی محسوس نہ ہو۔

جرمن کپتان اور اسٹار گول کیپر مانوئل نوئر، اسٹرائیکر تھوماس ملر، سامی خدیرا، جیروم بوؤٹنگ، مڈ فیلڈر محسوت اوزل اور ٹونی کروس کوئی بھی اس ٹیم میں شامل نہیں تھا، جس نے کنفیڈریشن کپ کے فائنل میں چلی کو شکست دی ہے۔ ان سینیئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں جرمن ٹیم کی انتہائی عمدہ کامیابی کو دیکھتے ہوئے ناقدین کا کہنا ہے کہ جرمن فٹ بال کا مستقبل انتہائی تابناک ہے۔

Fußball Chile v  Deutschland - FIFA Confederations Cup Russia 2017 - Finale Tor
میچ کا واحد گول پہلے ہاف میں جرمن کھلاڑی لارس شٹینڈل نے کیا، جو فیصلہ کن ثابت ہواتصویر: Getty Images/AFP/Y. Cortez

اس سے قبل گزشتہ ہفتے ہی جرمنی کے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل انڈر ٹوئنٹی ون ٹیم نے بھی یورپی چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔ جمعے کی رات پولینڈ کے شہر کاراکاؤ میں کھیلے گئے اس میچ میں واحد گول نوجوان جرمن کھلاڑی مچل وائزر نے کیا تھا۔

جرمنی کی انڈر ٹوئنٹی ون فٹ بال ٹیم نے سن دو ہزار نو میں بھی اس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں شکست سے دوچار ہونے والی اسپین کے نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیم تین مرتبہ یورپی چیمپیئن شپ ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز رکھتی ہے۔