1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کم فاصلے کی پروازیں بند کی جائیں، گرین پیس کا مطالبہ

31 اکتوبر 2021

گرین پیس تنظیم نے مختصر فاصلے کی پروازوں کو بند کر دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس ماحول دوست تنظیم نے ہوائی سفر کے متبادل کے طور پر ریل گاڑی کے ذریعے سفر کرنے کو ماحول دوست قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/42Ffv
ICE 4 Zug der Deutsche Bahn
تصویر: Markus Mainka/picture alliance

ماحول دوست گروپ گرین پیس نے اپنی ایک تحقیق  کی روشنی میں کہا ہے کہ یورپ میں مختصر فاصلے  کی پروازوں کی بھرمار ہے۔گرین پیس کے مطابق یہ مجموعی پروازوں کا ایک تہائی بنتا ہے، اگر ان پروازوں کو بند کر دیا جائے تو ماحول دوستی کے تناظر میں یہ ایک بڑا عملی اقدام اور مثبت کارروائی ہو گی۔

ماحول دوست فضائی سفر بہت مہنگا ہو گا

پرواز کا متبادل

گرین پیس نے کہا ہے کہ کم فاصلے  کی جو پروازیں بند کی جائیں، ان کی جگہ مسافروں کو ترغیب دی جائے کہ وہ ریل کے ذریعےسفر کریں جو ماحول کو کم نقصان پہنچاتا ہے۔

USA Mojave-Wüste | Qantas | Ausmusterung Jumbo 747
مختلف ممالک اور بر اعظموں میں کم فاصلے کی پروازوں کی بھرمار ہےتصویر: Imago Images/ZUMA Wire

گرین پیس نے یورپی حکومتوں سے ایسی پروازوں کو بند کرنے کا جو مطالبہ کیا ہے، اس میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ حکومتیں ریل کے سفر کو متبادل ذریعہٴسفر کے طور مقبول کرنے میں اپنا کردار ادا  کریں۔

اس ماحول دوست گروپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ یورپی ممالک کی فضا میں ہوائی جہازوں کی تعداد جتنی کم ہو گی اس براعظم کو اتنا ہی کم ماحولیاتی آلودگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نائن الیون حملوں نے فضائی سفر کو کیسے بدلا: سکیورٹی زیادہ، پرائیویسی کم

متبادل ریل گاڑی

گرین پیس کی جانب سے یہ ریسرچ ایک ادارے او بی سی ٹرانس یورپا نے مکمل کی ہے۔ اس کے اعداد و شمار کے مطابق اس براعظم میں کم از کم ایک سو پچاس ایسے روٹس ہیں اور جن شہروں کے درمیان ان پروازوں کو اڑایا جاتا ہے، وہ ریل سے بھی منسلک ہیں۔ ٹرین کے ذریعے ان شہروں تک چھ گھنٹوں یا اس سے بھی کم وقت میں پہنچنا ممکن ہے۔

یہ ریسرچ ایسے وقت میں مکمل کی گئی ہے جب آج یعنی اکتیس اکتوبر کو اقوام متحدہ کی کلائمیٹ سمٹ کا آغاز ہونے والا ہے۔ اس سمٹ کا میزبان شہر برطانوی علاقے اسکاٹ لینڈ کا شہر گلاسگو ہے۔ ریسرچ کے مصنفین کے مطابق ریل گاڑی کم وقت کی پروازوں کے مقابلے میں بہت کم ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتی ہیں۔

ICE 4 Zug der Deutsche Bahn
ریل گاڑی کے سفر کو ماحول دوست اور آرام دہ قرار دیا جاتا ہےتصویر: Soeren Stache/dpa/picture alliance

کم دورانیے کے چند ایک روٹس

ریسرچ کرنے والی ٹیم نے مختصر دورانیے کی پروازوں کے روٹس میں مثال دیتے ہوئے بتایا ہے کہ میڈرڈ سے بارسلونا، فرینکفرٹ سے برلن، برسلز سے ایمسٹرڈیم وغیرہ ایسے روٹس ہیں، جن پر تیز رفتار ریل گاڑیاں مناسب وقفوں سے چلتی رہتی ہیں۔ ریل ان شہروں کا درمیانی فاصلہ دو سے چار گھنٹوں میں طے کر لیتی ہے۔

یورپ ایکسپریس: یورپی ممالک کو ملانے والی برق رفتار ٹرینوں کا نظام

اس رپورٹ کے مطابق قریب ڈھائی سو روٹس پر کم فاصلے  کی پروازیں بند کی جا سکتی ہیں۔ اور ایسا کرنے سے سالانہ بنیادوں پر قریب ساڑھے تیئیس ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کے اخراج کو روکنا ممکن ہو گا۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ یہ رپورٹ یورپی حکومتوں کے لیے اپنی عوام کو ریل گاڑی کے سفر کی جانب راغب کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

ع ح/ع ا (اے پی)