1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کلِچکو تہرے عالمی چیمپیئن ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب

21 مارچ 2010

یوکرائن سےتعلق رکھنے والے ولادیمیر کلِچکو جرمن شہر ڈسلدورف میں امریکی باکسر ایڈی چیمبرز کو مقابلہ ختم ہونے سے صرف پانچ سیکنڈ پہلے ناک آؤٹ کر کے تہرے عالمی چیمپئین شپ ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔

https://p.dw.com/p/MYbP
تصویر: picture-alliance/ dpa

ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات نصف شب کے قریب ختم ہونے والے اور جرمن شہر ڈسلڈورف کے ایک فٹ بال سٹیڈیم میں بنائے گئے رنگ میں ہونے والے اس مقابلے کو دیکھنے کے لئے 51 ہزار شائقین موجود تھے۔ اس مقابلے کے کل بارہ میں سے گیارہ راؤنڈز میں یوں تو ولادیمیر کلِچکو نے مجموعی طور پر اپنے امریکی حریف سے بہتر باکسنگ کا مظاہرہ کیا، لیکن فیصلہ کن مرحلہ بارہویں راؤنڈ کے آخری لمحات میں آیا۔

کلِچکو نے یہ مقابلہ ختم ہونے سے محض پانچ سیکنڈ پہلے اپنے بائیں ہاتھ کے ایک زور دار مکے کے ساتھ عرف عام میں ’فاسٹ ایڈی‘ کہلانے والے امریکی کھلاڑی ایڈی چیمبرز کو اس طرح ناک آؤٹ کیا کہ رنگ میں گرنے کے بعد فوری طور پر ان میں دوبارہ اٹھنے کی ہمت ہی نہیں تھی۔ اس طرح ولادیمیر کلِچکو ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن WBO، انٹرنیشنل باکسنگ آرگنائزیشن IBO اور انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن IBF کے عالمی ہیوی ویٹ چیمپئین ہونے کے اپنے تہرے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔

Deutschland Ukraine Witali und Wladimir Klitschko Flash-Galerie
کلِچکو برادرانتصویر: picture alliance / dpa

ایڈی چیمبرز کو ناک آؤٹ کرنے کے بعد ولادیمیر کلِچکو نے ایک پیشہ ور باکسر کے طور پر اپنا ریکارڈ مزید بہتر بنا لیا ہے۔ وہ اب تک کل 57 مقابلوں میں سے 54 میں فتح حاصل کر چکے ہیں۔

یوکرائن سے تعلق رکھنے والے ولادیمیر کلِچکو جرمنی میں رہائش پذیر ہیں اور ان کا قد 1.99 میٹر ہے۔ ان کے مقابلے میں ایڈی چیمبرز کا قد 14 سینٹی میٹر چھوٹا ہے اور وزن بھی 16 کلو گرام کم۔ تینتیس سال کی عمر میں اپنے سے چھ سال چھوٹے ایک پیشہ ور ہیوی ویٹ باکسر کے خلاف اتنی اچھی کارکردگی کے بعد ولادیمیر کلِچکو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہ چیمبرز ایک طاقت ور اور تیز رفتار باکسر ثابت ہوئے۔

ولادیمیر کلِچکو کے بقول وہ خود اپنے بارے میں یہ محسوس نہیں کرتے کہ ان کی عمر 33 برس ہے۔ ’’ میری کارکردگی مسلسل بہتر سے بہتر ہوتی جا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں ایڈی چیمبرز کو ناک آؤٹ کرنے میں کامیاب رہا۔‘‘

ولادیمیر کلِچکو کے بھائی ویٹالی کلِچکو بھی ایک بہت کامیاب پیشہ ور باکسر ہیں جو ایڈی چیمبرز کے ساتھ مقابلے کے دوران مسلسل ولادیمیر کے رنگ کارنر میں موجود رہے۔ ویٹالی بھی ورلڈ باکسنگ کونسل WBC کے عالمی ہیوی ویٹ چیمپئین ہیں۔

رپورٹ : مقبول ملک

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید