کشمیر میں فائرنگ سے متعلق پاکستان، بھارت کے مابین اتفاق رائے
30 مئی 2018پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے بدھ تیس مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق شروع ہی سے ایک دوسرے کے حریف چلے آ رہے اسلام آباد اور نئی دہلی کے مابین کشمیر میں کنٹرول لائن پر ہونے والی جھڑپوں اور فائرنگ کے تبادلے میں صرف اسی مہینے ہی اطراف کے کئی فوجی اور عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
اب لیکن پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ فوجی حکام کے مابین ہونے والے ایک اتفاق رائے میں یہ طے پا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے دستے کشمیر میں ایک دوسرے پر فائرنگ سے اجتناب کریں گے۔ حالیہ برسوں میں کنٹرول لائن پر پائی جانے والی مسلسل کشیدگی کے تناظر میں دونوں ہمسایہ ایٹمی طاقتوں کے مابین شاذ و نادر نظر آنے والی اس مشترکہ سوچ کے تحت اب حریف فوجی دستے ایک دوسرےپر توپ خانے سے گولہ باری سے بھی اجتناب کریں گے۔
پاکستانی فوج کی طرف سے منگل انتیس مئی کو رات گئے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور بھارت کی مسلح افواج کے ملٹری آپریشنز کے ڈائریکٹرز جنرل کے مابین یہ اتفاق رائے ان کے درمیان رابطوں کے لیے قائم کی گئی خصوصی ٹیلی فون ہاٹ لائن کے ذریعے ہوا۔
بیان کے مطابق، ’’اطراف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ صورت حال میں بہتری کے لیے خلوص نیت سے کوششیں کی جائیں گی اور مشترکہ سرحدی علاقے میں شہری آبادی کو درپیش جان و مال کے خطرات اور مسائل کے خاتمے کی کاوشیں کرتے ہوئے باہمی بنیادوں پر دیرپا امن کو یقینی بنانے کی سعی کی جائے گی۔‘‘
پاکستانی فوج کے اسی بیان کے مطابق، ’’فریقین نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور بھارت 2003ء میں طے پانے والے فائر بندی معاہدے پر مکمل عمل کرتے ہوئے اس بات کو بھی یقینی بنانے کی کوششیں کریں گے کہ اس فائر بندی کی دونوں میں سے کسی کی طرف سے بھی کوئی خلاف ورزی نہ کی جائے۔‘‘
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر شروع سے ہی ایک منقسم خطہ اور متنازعہ موضوع ہے، جس کا گزشتہ سات عشروں سے بھی زائد عرصے کے دوران دونوں جنوبی ایشیائی ممالک آج تک کوئی حل نہیں نکال سکے اور اسی وجہ سے آپس میں جنگیں بھی لڑ چکے ہیں۔
م م / ع ا / اے پی