روزا اوتنبائیوا افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کی مندوب مقرر
3 ستمبر 2022اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے کہا کہ کرغزستان کی سابق صدر روزا اوتونبائیوا کو افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کی نئی خصوصی مندوب مقرر کیا گیا ہے۔
اوتنبائیوا سن 2010 سے 2011 تک تقریبا دو سال تک وسطی ایشیا کے چھوٹے سے ملک کرغزستان کی صدر رہی تھیں۔ اس سے قبل انہوں نے جارجیا میں امن مشن کے لیے اقوام متحدہ کی نائب خصوصی ایلچی کے طور پر خدمات انجام دیں۔
گوٹیرش نے کہا کہ اوتنبائیوا قیادت، سفارت کاری، اور بین الاقوامی تعاون کے شعبوں میں 35 برس سے زائد کا تجربہ رکھتی ہیں۔
وہ کینیڈین سفارت کار ڈیبورا لیونز کی جگہ لیں گی جو ایک وقت میں کابل میں موجود واحد خاتون سفیر تھیں۔
گزشتہ برس افغانستان میں کابل پر قبضے سے قبل طالبان نے خواتین کے حقوق کا احترام کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ تاہم اس کے بعد خواتین اور لڑکیوں کو اسکول جانے سے روک دیا گیا اور عوامی مقامات پر بھی خواتین کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی۔
افغانستان کو بھوک کے بحران کا سامنا
رواں ہفتے کے اوائل میں اقوام متحدہ کے ہنگامی امداد کے محکمے کے سربراہ مارٹن گریفیتھس نے سلامتی کونسل کو خبردار کیا تھا کہ افغانستان کو غربت کی شدید ہوتی ہوئی صورت حال کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ نے کہا کہ جنگ، ماحولیاتی تبدیلیوں اور عالمی اقتصادی بحرانوں کے سبب چھ ملین افغان شہریوں کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
افغانستان میں گزشتہ کئی دہائیوں سے عوام مشکلات کا شکار رہے ہیں جسے گریفیتھس ’افسوس ناک حقیقت‘ قرار دیتے ہیں۔ تاہم موجودہ صورت حال کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے زیادہ تر امدادی منصوبے بند ہیں، جس کی وجہ سے حالات 'انتہائی نازک‘ ہو چکے ہیں۔
ش ح/ ع ت (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)