1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

کراچی میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کی بنیاد رکھ دی گئی

بینش جاوید
29 دسمبر 2016

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں تیسرے شوکت خانم کینسر ہسپتال کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ اس ہسپتال سے سندھ کے غریب عوام کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

https://p.dw.com/p/2V1Aa
Screenshot Twitter- Shaukat Khanum
تصویر: Twitter

شوکت خانم ہسپتال کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’شوکت خانم کراچی ہسپتال ہماری زندگیوں کے بعد بھی کئی ہزار مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔‘‘ عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال میں کام کرنے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا۔

تیسرے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کا مقصد سندھ کے غریب عوام کو سرطان کے مرض کے علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’میں ہسپتال میں کام کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے امیروں اور غریبوں کو ایک جیسی طبی سہولیات فراہم کیں۔‘‘

عمران خان نے کہا،’’سرطان کے ہسپتالوں کے لیے سات سو ملین روپے اکٹھا کرنا آسان نہیں تھا، مجھے یہ معلوم نہیں تھا کہ یہ سفر اتنا کٹھن ہوگا۔‘‘ عمران خان نے کہا کہ تیسرے ہسپتال کی تکمیل یہ ظاہر کرتی ہے کہ پاکستانی قوم مل کر کیا کر سکتی ہے۔ شوکت خانم کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد کینسرکے مرض میں مبتلا دس سالہ بچے ولید احمد نے رکھا۔

Screenshot Twitter- Shaukat Khanum
تصویر: Twitter

سوشل میڈیا پر کئی افراد نے عمران خان کی اس کاوش پر انہیں مبارک باد دی۔ صحافی اجمل جامی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا،’’عمران خان نے آج ایک بہترین غیر سیاسی تقریر کی۔‘‘

پیپلز پارٹی کے رکن اعتزاز احسن نے لکھا،’’ اس بہترین سماجی کام کی کامیابی کا سہرا عمران خان کو جاتا ہے۔‘‘

Screenshot Twitter- Malik Ammad
تصویر: Twitter

ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا،’’یہ ہسپتال عمران خان کی طرف سے ان کی والدہ کے لیے بہترین خراج عقیدت ہے۔‘‘

Screenshot Twitter- Zaara Sana
تصویر: Twitter

زوہیب خان نے لکھا،’’جس انسان کی ماں نے کینسر سے جان دی، اس کے بیٹے نے اس قوم کی ماؤں کی زندگیاں بچانے کے لئے کینسر ہسپتال بنایا۔‘‘

عدنان چاولہ نے لکھا،’’تین کینسر ہسپتال اور پھر ستر فیصد مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔‘‘