کراچی میں رونالڈینیوکی ٹیم جیت گئی
8 جولائی 2017پاکستان آنے والے کھلاڑیوں میں دو کا تعلق برازیل دو کا انگلینڈ ایک کا فرانس اور ایک ہالینڈ اور ایک کا پرتگال سے ہے۔ تاہم روبرٹو کارلوس اپنی اہلیہ کی بیماری کے باعث پاکستان نہیں آسکے۔ دنیا فٹ بال کے سات مشہور کھلاڑی رونالڈینیو، ریان گگز، نکولس انیکا، انگلینڈ کے سابق گول کیپر جمیز، گھانا کے جارج بوئیٹنگ، رابرٹ پیرز اور لوئی بومور نے پاکستان کے لیے روانگی سے قبل ہی شول میڈیا پر پاکستان شائقین کے لیے اپنے پیغامات جاری کیے تھے۔ یہ کھلاڑی ہفتے کے دن ہی دبئی سے پہلے اسلام آباد پہنچے، جہاں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔
ہفتے کی شام میں کھلاڑی اسلام آباد سے کراچی پہنچے تو انہیں سخت سیکورٹی اور پروٹوکول میں ہوٹل منتقل کیا گیا، جہاں درجنوں شائقین پہلے سے ہی کھلاڑیوں کی آمد کے منتظر تھے اور جب کھلاڑی ہوٹل پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اس میچ کے منتظمین کے مطابق نمائشی میچ کے لیے کئی ماہ سے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں تیاریاں جاری تھیں اور برسوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار اس اسٹیڈیم کی تزین و آرائش کا کام چند روز پہلے ہی مکمل کر لیا گیا تھا۔ پچیس ہزار گنجائش والے اس اسٹیڈیم میں میچ کے لیے ٹکٹ کئی ہفتوں پہلے ہی مکمل طور پر فروخت ہوچکے تھے پھر بھی اسٹیڈٰیم کا ایک بڑا حصہ خالی نظر آیا۔ شائقین میچ سے کئی گھنٹے قبل اسٹیڈیم کے باہر لائنوں میں لگے رہے۔ ساتھ ہی طلبہ کی بہت بڑی تعداد بھی میچ دیکھنے پہنچی۔
ڈوئچے ویلے سے بات چیت کرتے ہوئے شائقین کا کہنا تھا کہ فٹ بال کے عظیم کھلاڑہوں کو دیکھنے کی خواہش تھی، جو آج پوری ہوگی۔ ایک مداح کا کہنا تھا، ’’دنیا دیکھ لے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، جہاں کھیل اور کھلاڑیوں سے محبت کرنے والے لوگ بستے ہیں۔‘‘
میچ سے قبل اسٹیڈیم میں لیزر لائٹ شو کا انعقاد کیا گیا۔ شائقین نے رنگا رنگ لیزر لائٹ شو کو بہت پسند کیا اور جب کھلاڑی میچ کے لیے اسٹیڈیم پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
فٹ بال سے لگاؤ رکھنے والے لیاری کے ایک نوجوان نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے فٹ بال کے اس ایونٹ کو خوش آئند قرار دیا مگر ساتھ ہی شکوہ کیا کہ سکیورٹی کو جواز بناکر میچ دیکھنے والوں کے لیے مشکلات پیدا کی گئیں۔ شائقین کا کہنا تھا کہ صرف فوجی اور پولیس افسران کے اہلخانہ اور احباب کو اسٹیڈیم کے گیٹ تک گاڑیوں میں آنے کی اجازت تھی جبکہ مہنگے ٹکٹ خرید کر دور دراز سے آئے ہوئے فٹ بال کے شائقین کو کئی کلو میٹر دور پیدل چل کر اسٹیڈیم تک آنا پڑا۔
میچ میں کراچی لاہور اور اسلام آبد کے فٹ بال کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔ انٹرنیشل پلیئرز کے ساتھ کھیلنا مقامی کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک بہتر تجربہ رہا۔ کراچی میں ہونے والے اس میچ کو رونالڈینو کی ٹیم نے جیت لیا۔ انٹرنیشل کھلاڑی اتوار کے روز لاہور روانہ ہوں گے، جہاں دوسرا نمائشی میچ کھیلا جائے گا۔