1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانز کافکا کی دس تماثیل اردو میں، خصوصی سلسلہ: گھر کا راستہ

20 مارچ 2019

ڈوئچے ویلے اردو کی طرف سے اپنے ادب دوست قارئین کی دلچسپی کے لیے جنوری کے اختتام پر شروع کیے گئے معروف جرمن ادیب فرانز کافکا کی دس بہت مشہور تماثیل کے ہفتہ وار اردو تراجم شائع کرنے کے خصوصی سلسلے کی آٹھویں کڑی۔

https://p.dw.com/p/3FODd
تصویر: picture-alliance/akg-images/Archiv K. Wagenbach

گھر کا راستہ (8)

(فرانز کافکا کی ایک تمثیل، جرمن سے براہ راست اردو میں)

دیکھو تو طوفانِ باد و باراں کے بعد ہوا اپنے اندر کتنی قائل کر دینے والی طاقت لیے ہوئے ہوتی ہے۔ اگر میں کوئی مزاحمت نہ بھی کروں، تو بھی کس طرح میری خدمات اور خصوصیات مجھ پر ظاہر ہوتی اور غالب آ جاتی ہیں۔ میں پیدل چلتا جا رہا ہوں اور میری رفتار گلی کے اِس پوری طرف، پوری گلی بلکہ شہر کے اس پورے علاقے کی رفتار بن چکی ہے۔

میں بجا طور پر ذمے دار ہوں، ان زور دار دستکوں کا جو دروازوں پر دی جاتی ہیں یا میزوں کی ہموار سطح پر ہاتھوں کے مارے جانے کا، ان ساری باتوں کا جو جام اٹھا کر پینے سے پہلے کہی جاتی ہیں، اپنے بستروں میں موجود محبت کرنے والے جوڑوں کا، لکڑی اور فولادی پائپوں سے بنے ان تعمیراتی ڈھانچوں کا جو نئی تعمیر ہونے والی عمارات کے باہر کھڑے کیے ہوتے ہیں اور تاریک گلیوں میں گھروں کی دیواروں کے ساتھ لگے ہوتے ہیں، اور آرام دہ نشستوں والے ان دیوانوں کا بھی جو قحبہ خانوں میں رکھے ہوتے ہیں۔

میں اپنے ماضی کے مقابلے میں اپنے مستقبل کا اندازہ لگا رہا ہوں۔ مجھے دونوں ہی قابل مدح محسوس ہوتے ہیں اور میں دونوں میں سے کسی ایک کو بھی دوسرے پر ترجیح نہیں دے سکتا۔ مجھے قدرت کی اس ناانصافی کی سرزنش بھی کرنا چاہیے، جس کا فائدہ مجھے ہی ہوا ہے۔

لیکن جب میں اپنے کمرے میں داخل ہوتا ہوں تو خود کو تھوڑا سا غور و فکر میں مبتلا پاتا ہوں، حالانکہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے تو میرے ذہن میں ایسا کچھ نہیں آیا تھا، جو غور و فکر کے قابل رہا ہو۔ اس دوران مجھے اس بات سے بھی کوئی زیادہ فرق نہیں پڑتا کہ میں کھڑکی پوری ہی کھول دوں اور نیچے کسی باغ میں موسیقی بج رہی ہو۔

مصنف: فرانز کافکا

مترجم: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں