1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ بینک بزنس انڈیکس: پاکستان کی پوزیشن 28 درجے بہتر

24 اکتوبر 2019

ورلڈ بینک نے کاروبار میں آسانی کے حوالے سے رواں برس کے لیے عالمی انڈیکس جاری کیا ہے۔ پاکستان نے گزشتہ برس کے مقابلے میں 28 درجے کی بہتری حاصل کی ہے۔

https://p.dw.com/p/3RpaX
USA Wirtschaft Washington DC Zentrale der Weltbank Gebäude Logo
تصویر: ullstein bild - Fotoagentur imo

ورلڈ بینک کی طرف سے آج جمعرات 24 اکتوبر کو جاری کیے جانے والے 'اِیز آف ڈوئنگ بزنس 2020‘ یا کاروبار کرنے میں آسانی کے سال 2020 کے انڈیکس کے مطابق پاکستان نے اپنی پوزیشن 28 درجے بہتر بنائی ہے۔ گزشتہ برس پاکستان 190 ممالک پر مشتمل اس انڈیکس پر 136 ویں پوزیشن پر تھا تاہم اس برس بہتری کے بعد یہ 108 نمبر پر ہے۔

ورلڈ بینک کی 'ایز آف ڈوئنگ بزنس 2020‘ انڈیکس کے مطابق جنوبی ایشیائی ممالک میں بھارت سرفہرست ہے۔ بھارت کی پوزیشن میں گزشتہ برس کے مقابلے میں اس انڈیکس پر 14 درجے کی بہتری ہوئی ہے اور اب اس انڈیکس پر اس کی پوزیشن 63 ہے۔
 

پاکستان کاروبار کے لیے سب سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے والے 10 ممالک میں

عالمی بینک کی طرف سے جاری کی جانے والی رپورٹ کی خاص بات اُن 10 ممالک کی فہرست بھی ہے جنہوں نے کاروبار کے لیے سازگار ماحول بنانے کے تناظر میں سب سے زیادہ اصلاحات کی ہیں۔ ان ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2018-19 کے دوران دنیا بھر میں کاروبار میں آسانیوں کے لیے کی جانے والی اصلاحات کا پانچواں حصہ ان 10 ممالک نے کیا۔

Pakistan Börse Aktivitäten
عالمی بینک کی طرف سے جاری کی جانے والی رپورٹ کی خاص بات اُن 10 ممالک کی فہرست بھی ہے جنہوں نے کاروبار کے لیے سازگار ماحول بنانے کے تناظر میں سب سے زیادہ اصلاحات کی ہیں۔تصویر: DW/R. Saeed

کاروبار کرنے کے لیے گزشتہ ایک برس کے دوران سب سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے والے 10 ممالک کی فہرست میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، اردن، ٹوگو، بحرین، تاجکستان، کویت، چین، نائجیریا اور بھارت بھی شامل ہیں۔

غیر ملکی سرمایہ داروں کی طرف سے عام طور پر 'ایز آف ڈوئنگ بزنس انڈیکس‘ کو کسی ملک میں سرمایہ کاری کے لیے بطور حوالہ استعمال کرتے ہیں۔

ورلڈ بینک کی طرف سے تیار کیا گیا یہ عالمی انڈیکس نومبر 2018ء سے جون 2019ء کے دوران حکومتوں کی طرف سے کاروبار کے لیے سازگار ماحول بنانے کے تناظر میں کی گئی اصلاحات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔

یہ انڈیکس ایک پیمانہ ہے کہ کوئی بھی معیشت کاروباری قواعد کے حوالے سے عالمی طور پر تسلیم شدہ قواعد سے کس قدر قریب یا دور ہے۔ مجموعی طور پر بیسٹ پریکٹسز یا بہترین اقدامات اپنانے کے حوالے سے پاکستان نے 61 اسکور حاصل کیے ہیں۔ گزشتہ برس اس کا اسکور 52.8 تھا۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔