کارنیوال کے جلوس پر کار چڑھا دینے کا واقعہ، متعدد افراد زخمی
24 فروری 2020جرمنی میں آج پیر چوبیس فروری کو کارنیوال کے نقطہ عروج پر یعنی گلابی یپر کے دن مختلف شہروں میں جلوس نکالے گئے۔ صوبے ہیسے کے شہر فولکمارزن میں نکالے گئے ایک جلوس پر کار چڑھا دینے کا ایک واقعہ رونما ہوا۔ اطلاعات کے مطابق کم از کم پندرہ افراد زخمی ہو گئے۔ تاہم پولیس نے زخمیوں کی تعداد کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا۔
ایک بیان میں بتایاگیا کہ کار کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ گلابی پیر کے روز ملک میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا، وہاں پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ غلط اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
ابھی گزشتہ ہفتے صوبے ہیسے میں ہی دائیں بازو کے ایک مبینہ شدت پسند نے دو حقہ بارز پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے نو افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ بعد ازاں اس نے اپنی اور اپنی والدہ کی جان بھی لے لی تھی۔ یہ واقعہ ہیسے کے شہر ہاناؤ میں پیش آیا تھا۔
ع ا / م م ( خبر رساں ادارے)