کارلووی وارے فلم فیسٹول: ہسپانوی فلم بہترین
11 جولائی 2010چیک جمہوریہ کے سیاحتی شہر کارلووی وارے میں ہر سال جولائی میں بین الاقوامی فلم فیسٹول کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ گزشتہ برسوں میں اس کی عالمی حثیت اور اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ دنیا بھر میں اہم ترین فلم فیسٹول ’اے‘ کیٹگری میں رکھے گئے ہیں۔ ان میں دوسرے اہم فلم فیسٹولز کے ساتھ فرانسیسی شہر کن کا فلمی میلہ اور جرمن شہر برلن کا فلم فیسٹول ’برلینالے‘ بھی شامل ہیں۔ اسی کیٹگری میں کارلووی وارے بین الاقوامی فلم فیسٹول میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس فلمی میلے میں بہترین ایوارڈ کرسٹل گلوب کہلاتا ہے۔
سن 2010 ء کا کرسٹل گلوب ایوارڈ ہسپانوی فلم ’دی ماسکیٹو نیٹ‘ کو دیا گیا ہے۔ کرسٹل گلوب حاصل کرنے والی فلم کو 30 ہزار ڈالر کی نقد رقم بھی دی جاتی ہے۔ فلم ’دی ماسکیٹو نیٹ‘ کا مرکزی خیال ایک امیر خاندان کی ایک اہم خاتون کے اندر احساس ندامت کا پیدا ہونا تھا۔ بولتی فلم میں یہ کردار مکمل طور پر خاموشی اختیار کئے ہوئے تھا۔ یہ اہم کردار خاتون اداکارہ جیرالڈین چاپلن نے ادا کیا ہے۔ چاپلن کے مطابق فلم ’دی ماسکیٹو نیٹ‘ کا سکرین پلے انتہائی مہارت سے لکھا گیا تھا۔
عالمی سینما صنعت میں اہم کردار کے حامل روسی ہدایتکار نکیتا مشالکوف اور سلواک نژاد ہدایت کار ژوراج ہرٹز کو بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں کرسٹل گلوب سے نوازا گیا ہے۔ دونوں مہمان شخصیات کا ایوارڈ دینے کے وقت شاندار انداز میں استقبال کیا گیا۔
نو روزہ فلمی میلے میں کُل دو سو فلمیں مختلف شعبوں میں شائقین کے لئے پیش کی گئیں۔ مشہور برطانوی اداکار جُوڈ لا بھی اس میلے میں شریک تھے۔
کارلووی وارے فلم فیسٹول میں جیوری کا خاص ایوارڈ چیک جمہوریہ کی فلم کو دیا گیا۔ جیوری کی قیادت مشہور امریکی پروڈیوسر ’ران ایرکسا‘ کر رہے تھے۔ اس فلمی میلے میں بہترین اداکاروں اور ہدایتکار کو بھی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ایوارڈ حاصل کرنے والے بیشتر فنکاروں کا تعلق مشرقی یورپی ملکوں سے ہے۔ البتہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فرانسیسی اداکارہ Anais Demoustier نے حاصل کیا۔ گزشتہ سال جرمن ہدایتکار آندریاس ڈریزن کو بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ حاصل ہوا تھا۔ اختتامی تقریب کے موقع پر فرانسیسی گلوکارہ وینیسا پارڈیز نے ایک ساتھی گلوکار کے ہمراہ انتہائی شاندار طربیہ اور رومان پرور پرفارمنس پیش کی۔
کارلووی وارے فلم فیسٹول کا آغاز تو سن 1945ء میں ہو گیا تھا لیکن دوسری عالمی جنگ کے بعد سن 1948ء میں سابقہ کمیونسٹ دور میں یہ مکمل طور پر سیاسی اور پراپیگنڈا فلمی میلہ بن کر رہ گیا تھا۔ سن 1989ءکے ویلوٹ انقلاب نے اس کو دوبارہ زندگی بخشی اور سن 1994ء میں نئی شان و شوکت سے اس فیسٹول کا دوبارہ آغاز کیا گیا تھا۔
یہ شہر اپنے گرم چشموں کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتا ہے۔ کارلووی وارے میں تیرہ بڑے اور تین سو کے قریب چھوٹے گرم پانی کے چشمے ہیں۔ جرمنی میں اس شہر کو کارلس باد کہا جاتا ہے۔ یہی نام برسوں انگریزی میں بھی مستعمل رہا ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: کشور مصطفیٰ